بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کے بھائی اور اداکار فیصل خان نے اپنے خاندان کے خلاف ماضی میں لگائے گئے الزامات پر معذرت کرتے ہوئے آئندہ تعلقات خوشگوار رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل خان نے کہا کہ انہیں احساس ہو چکا ہے کہ خاندانی معاملات کو عوامی سطح پر لانا درست فیصلہ نہیں تھا۔ انہوں نے اپنی والدہ، بہن اور ان کے شوہر سنتوش ہیگڑے سے معافی مانگتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ جذبات میں آ کر بعض ایسی باتیں کہہ گئے جو نہیں کہنی چاہیے تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل خان کا بالی ووڈ اسٹار عامر خان پر غیر ازدواجی تعلق اور ناجائز بچے کا الزام
فیصل خان نے عامر خان سے متعلق بھی اپنے سابقہ بیانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں دونوں بھائیوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں۔
انہوں نے اپنی ذہنی صحت سے متعلق ماضی کے تنازع پر بھی بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عدالت کی ہدایت پر سرکاری اسپتال میں ہونے والے طبی معائنے میں انہیں ذہنی طور پر صحت مند قرار دیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے ابتدائی تشخیص درست نہ ہو اور بعض ڈاکٹروں کی رائے نے خاندان کو غلط فہمی میں مبتلا کیا ہو۔
یہ بھی پڑھیں: جیسیکا ہائنس سے ناجائز تعلق اور بچہ، عامر خان ڈی این اے ٹیسٹ کرا لیں میرے پاس ثبوت ہیں، بھائی فیصل خان کا دعویٰ
فیصل خان نے کہا کہ خاندان کے بعض افراد ان کی بات پر یقین رکھتے ہیں جبکہ کچھ اب بھی پرانی طبی رائے کو درست سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر انہیں مسلسل ذہنی مریض سمجھا جائے گا تو ان پر اعتماد بحال ہونا مشکل ہوگا۔
واضح رہے کہ فیصل خان گزشتہ کئی برسوں سے عامر خان اور دیگر اہلِ خانہ پر الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ انہیں غلط طور پر ذہنی مریض قرار دیا گیا، ایک عرصے تک گھر میں محدود رکھا گیا اور زبردستی ادویات دی گئیں۔ تاہم خان خاندان نے ان تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ فیصل سے متعلق تمام فیصلے متعدد طبی ماہرین کے مشورے اور ان کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے اجتماعی طور پر کیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ’مجھے ایک برس گھر پر قید رکھا گیا‘ فیصل خان کا بھائی عامر خان پرالزام
یاد رہے کہ گزشتہ برس فیصل خان نے ایک عوامی اعلان کے ذریعے خان خاندان سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم والدین کی جائیداد یا دیگر خاندانی معاملات سے بھی دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اب ان کی حالیہ معذرت کو دونوں بھائیوں اور خاندان کے درمیان تعلقات میں بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔














