خیبر پختونخوا: کالام جھیل میں کشتی الٹنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق، 4 لاپتا

بدھ 1 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں سیاحوں سے بھری کشتی الٹنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق جبکہ 4 لاپتا ہو گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق کشتی الٹنے کا افسوسناک واقعہ سوات کے مشہور سیاحتی علاقے کالام میں سیف اللہ جھیل کے مقام پر پیش آیا، جہاں سیاح کشتی میں بیٹھ کر جھیل کی سیر کررہے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کشتی میں 9 افراد سوار تھے، جو سیر و تفریح کے لیے کالام آئے تھے اور ان کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی رضاکاروں نے ریسکیو آپریشن شروع کردیا، جبکہ متعلقہ اداروں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے۔

پولیس نے بتایا کہ 5 افراد کی لاشیں مہوڈنڈ کے مقام سے نکال لی گئی ہیں، جبکہ 4 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ تاہم اندھیرا ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے بعد پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں اور گلیشیئر پھٹنے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

الرٹ میں تمام ضلعی انتظامیہ کو ضروری اقدامات کرنے اور دریا کے کنارے آباد آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب گرمی کی شدت میں اضافے کے بعد ٹورازم اتھارٹی خیبر پختونخوا نے بھی سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹورازم اتھارٹی کے مطابق گرمی میں اضافے کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں تیزی آ گئی ہے، جس سے حادثات اور جانی نقصان کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp