توانائی، معدنیات اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری بڑھائیں، وزیراعظم کی ترک کمپنیوں کو دعوت

ہفتہ 4 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے معروف کاروباری گروپس اور صنعتی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقاتوں میں ترک کمپنیوں کو پاکستان کے توانائی، معدنیات، انفراسٹرکچر، آئی ٹی اور دیگر ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کو شفاف، سازگار اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ترکیہ کے شہر استنبول میں وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے ممتاز کاروباری رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں چالک ہولڈنگ کے چیئرمین احمد چالک، البیراک گروپ کے چیئرمین احمد البیراک اور یونین آف چیمبرز اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکیہ  کے صدر رفعت حصارجکلی اوغلو شامل تھے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقاتوں میں وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط معاشی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مثالی سیاسی تعلقات کو اقتصادی تعاون کے فروغ کے ذریعے نئی بلندیوں تک لے جانا وقت کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال، سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور حکومت کی جانب سے شفاف، قابلِ اعتماد اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے عزم سے آگاہ کرتے ہوئے ترک کمپنیوں کو توانائی، معدنیات و معدنی وسائل، انفراسٹرکچر، بحری معیشت، لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونی کیشن، مینوفیکچرنگ، زراعت اور نجکاری سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف اہم دورے پر ترکیہ پہنچ گئے، اتاترک ایئرپورٹ پر شاندار استقبال

انہوں نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل وفاقی اور صوبائی اداروں کے تعاون سے اسٹریٹجک سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت اور مکمل ادارہ جاتی معاونت فراہم کر رہی ہے۔

چالک ہولڈنگ کے وفد سے گفتگو میں وزیراعظم نے توانائی، انفراسٹرکچر، آئی ٹی اور نجکاری کے شعبوں میں پاکستان کے وسیع مواقع پر روشنی ڈالی اور کمپنی کی پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ چالک انرجی اور گیپ انشات کی پاکستان میں موجودگی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی مضبوط بنیاد ہے۔

البیراک گروپ کے سربراہ سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں گروپ کی طویل المدتی خدمات کو سراہتے ہوئے بندرگاہوں کی جدید کاری، بحری انفراسٹرکچر اور لاجسٹکس کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی۔

یونین آف چیمبرز اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکیہ ’ٹی او بی بی‘ کے صدر سے ملاقات میں وزیراعظم نے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باقاعدہ ادارہ جاتی نظام قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے ’ٹی او بی بی‘ کو اعلیٰ سطحی کاروباری وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کرنے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا جائزہ لینے کی دعوت بھی دی۔

ترک کاروباری رہنماؤں نے پاکستان میں معاشی اصلاحات، بہتر ہوتے سرمایہ کاری کے ماحول اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا اور مختلف اسٹریٹجک شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے اور طویل المدتی شراکت داری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp