جنگ کا رخ بدل رہا ہے؟ یوکرین نے روسی پیشقدمی اور نقصانات پر نئی رپورٹ جاری کر دی

اتوار 5 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی افواج کی پیش قدمی نمایاں طور پر سست ہو گئی ہے، جبکہ صرف جون کے مہینے میں تقریباً 40 ہزار روسی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے۔ یوکرینی حکام کے مطابق طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون اور میزائل حملوں نے روس کی عسکری اور لاجسٹک صلاحیت کو شدید متاثر کیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق روسی افواج کا ہدف رواں سال کے اختتام تک مشرقی یوکرین کے ڈونیٹسک خطے کے باقی ماندہ حصے پر قبضہ کرنا ہے، تاہم واشنگٹن میں قائم تھنک ٹینک ’انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار‘ کا کہنا ہے کہ روس کی زمینی پیش قدمی گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں حد تک کم ہو چکی ہے۔

ادارے کے مطابق 2025 کی پہلی ششماہی میں روس نے تقریباً 2,190 مربع کلومیٹر علاقہ حاصل کیا تھا، جبکہ 2026 کی پہلی ششماہی میں یہ پیشرفت صرف 622 مربع کلومیٹر تک محدود رہی۔

رپورٹ کے مطابق جون میں روس کی اوسط پیش قدمی صرف ایک مربع کلومیٹر یومیہ رہی، جبکہ یوکرینی جوابی کارروائیوں کو شامل کیا جائے تو روس کا خالص علاقائی فائدہ صرف 97 مربع کلومیٹر بنتا ہے۔

یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک روس کے تقریباً 14 لاکھ فوجی ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ صرف جون میں روس کو تقریباً 39 ہزار 500 فوجیوں کا نقصان اٹھانا پڑا، جو اس کی ماہانہ بھرتی کی استعداد سے کہیں زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:یوکرین نے کوستیانتینیوکا پر روسی قبضے کا دعویٰ مسترد کر دیا

یوکرینی حکام کے مطابق گزشتہ مہینے روسی تنصیبات، تیل صاف کرنے کے کارخانوں، فوجی ہوائی اڈوں، مواصلاتی مراکز، گولہ بارود کے کارخانوں اور کریمیا میں بجلی کے سب اسٹیشنوں پر درجنوں حملے کیے گئے، جن سے روسی سپلائی لائنیں متاثر ہوئیں۔

دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ روس اپنے اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے، جبکہ کریملن نے ایک بار پھر امریکی ثالثی کے ذریعے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے، تاہم ماسکو نے یوکرین کی جانب سے پیش کی گئی بعض جنگ بندی تجاویز مسترد کر دی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp