’مریم کی دستک‘ ایپ کیا ہے اور اس کے ساتھ کتنے ادارے منسلک ہیں؟

اتوار 5 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سرکاری دفاتر کے روایتی، تھکا دینے والے اور وقت ضائع کرنے والے کلچر کو ختم کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے ایک تاریخی اور انقلابی قدم اٹھایا ہے۔

’مریم کی دستک‘ پروگرام اور اس کی آفیشل موبائل ایپ اب صوبے بھر کے شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت بن کر سامنے آئی ہے۔ اس پروگرام کے تحت حکومت خود شہریوں کے گھر یا دفتر تک پہنچ رہی ہے، جس سے ڈومیسائل، پیدائش کا سرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس، جائیداد کا ٹیکس اور دیگر متعدد خدمات حاصل کرنے کے لیے لمبی قطاروں اور بار بار دفتر جانے کی پرانی پریشانی ختم ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: ’مریم کی دستک‘ اب ہوگی پنجاب کے تمام اضلاع میں

یہ پروگرام پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی نگرانی میں چل رہا ہے اور صوبے کے 40 سے زیادہ اضلاع میں فعال ہے۔ اب تک اس پلیٹ فارم پر 3.3 ملین سے زیادہ سروس کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن میں سے 2.7 ملین سے زیادہ کامیابی سے مکمل کی جا چکی ہیں۔

اس ایپ کو 76 سے زیادہ محکموں کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے، جس میں محکمہ پولیس، ایکسائز، نادرا، ٹریفک پولیس سمیت دیگر اداروں کی سروسز ’مریم کی دستک‘ ایپ میں دستیاب ہیں۔

دستک ایپ کیسے کام کرتی ہے؟

’مریم کی دستک‘ نہ صرف وقت بچا رہی ہے بلکہ بدعنوانی، تاخیر اور مشکلات کو کم کرکے عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد میں اضافہ کررہی ہے۔ یہ ڈیجیٹل پاکستان اور عوام دوست حکومت کی ایک عمدہ مثال ہے۔

شہری دستک ایپ کے ذریعے یا ہیلپ لائن 1202 پر کال کرکے درخواست دے سکتے ہیں۔ حکومت کا تربیت یافتہ سہولت کار خود شہری کے گھر یا مطلوبہ مقام پر آ کر تمام دستاویزات کی تصدیق کرتا ہے، فارم مکمل کرتا ہے اور پوری کاغذی کارروائی کی ذمہ داری سنبھالتا ہے۔

یہ سروس خاص طور پر ان لوگوں کے لیے بہترین ہے جو ٹیکنالوجی استعمال نہیں کر سکتے یا وقت نہیں نکال سکتے۔

اگر آپ ٹیکنالوجی سے آگاہ ہیں تو اس کی سروسز آپ خود ایپ کے ذریعے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

شہری خود ایپ کے ذریعے فارم بھر سکتے ہیں، مطلوبہ دستاویزات اسکین کرکے اپ لوڈ کر سکتے ہیں اور درخواست کی موجودہ صورتحال کی نگرانی بھی آن لائن چیک کر سکتے ہیں۔ یہ طریقہ تیز، آسان اور مکمل طور پر ڈیجیٹل ہے۔ دستک ایپ پر شہری کو اپنا اکاونٹ بنانا ضروری ہے۔

اس پروگرام کے تحت عام شہریوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر متعدد سرکاری خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان خدمات میں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹس، فرد اور رجسٹری کی مصدقہ نقول، ای اسٹیمپنگ، جائیداد کے ٹیکس کی ادائیگی، ڈرائیونگ اور لرنر لائسنس کا اجرا، ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی، پولیس ویریفکیشن، کردار کا سرٹیفکیٹ، ایف آئی آر کی مصدقہ نقل اور کرایہ داروں کی آن لائن رجسٹریشن سمیت دیگر اہم سہولیات شامل ہیں، جن سے شہری اس ایپ کے ذریعے آسانی اور سہولت کے ساتھ استفادہ کر سکتے ہیں۔

مزی پڑھیں: پنجاب میں ’دستک‘ ایپ کے ذریعے شہریوں کو گھر کی دہلیز پر کون سی سروسز فراہم کی جائیں گی؟

کاروباری برادری کے لیے بھی اس پروگرام کے تحت متعدد اہم سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ان میں فوڈ کاروبار کا لائسنس، پیشہ ورانہ ٹیکس کی منتقلی، کمرشل پانی کے کنکشن کا اجرا، درآمد و برآمد سے متعلق خدمات، ماحولیاتی منظوریوں کا حصول، نئی گاڑی کی رجسٹریشن، گاڑی کی ملکیت کی منتقلی، ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی سمیت دیگر سرکاری سہولیات شامل ہیں۔

پنجاب حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس پروگرام کا کسی بھی غیر سرکاری ایپلی کیشن یا ایجنٹ سے کوئی تعلق نہیں، لہٰذا شہری صرف سرکاری پلیٹ فارم کے ذریعے ہی ان خدمات سے استفادہ کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp