پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ترین ٹرومین 3 مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی سے چلنے والی بولنگ مشین متعارف کرائی ہے۔
اس پیشرفت کے ساتھ پی سی بی دنیا کا پہلا کرکٹ بورڈ بن گیا ہے جس نے کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے اس جدید ٹیکنالوجی کو اختیار کیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے اس جدید مشین کی خصوصیات اور فوائد پر روشنی ڈالی۔
یہ بھی پڑھیں: ارکان پنجاب اسمبلی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنا فائیو اسٹار ہوٹل بنانے کا مشورہ کیوں دیا؟
عاقب جاوید نے اسے کرکٹ ٹیکنالوجی کی جدید ترین ایجاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرومین 3 اس وقت دنیا کی سب سے جدید بولنگ مشین ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ اسے استعمال کرنے والا دنیا کا پہلا کرکٹ بورڈ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روایتی بولنگ مشینوں میں بلے باز کے لیے گیند چھوڑنے یعنی ریلیز پوائنٹ کے لمحے کو سمجھنا مشکل ہوتا ہے، جبکہ نئی مشین کے سامنے نصب ہائی کنٹراسٹ ایل ای ڈی اسکرین پر بولر کا اینی میٹڈ ایکشن دکھایا جاتا ہے۔
🚨 GREAT INITIATIVE BY THE PCB 🚨
– In a major boost to player development, state-of-the-art bowling machines have been installed at the National Cricket Academy (NCA) to upgrade its training infrastructure.
– The cutting-edge equipment is set to enhance high-performance… pic.twitter.com/sGKhWOqPO4
— Mian Ahmad (@aHmADmIaN150) July 6, 2026
جس سے بلے باز حقیقی میچ کی طرح بولر کی ایکشن، ریلیز پوائنٹ اور ٹائمنگ کو بہتر انداز میں پڑھ سکتا ہے۔
عاقب جاوید کے مطابق تربیتی سیشن سے قبل اس مشین کو مکمل طور پر پروگرام کیا جا سکتا ہے، کوچز گیند کی رفتار، لائن، لینتھ، سوئنگ، باؤنس اور ریلیز کی اونچائی سمیت مختلف پہلو اپنی ضرورت کے مطابق ترتیب دے سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ انفرادی گیندوں، پورے اوورز یا بولنگ اسپیلز کو محفوظ کرکے دوبارہ چلایا جا سکتا ہے تاکہ حقیقی میچ جیسی صورتحال پیدا کی جا سکے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوربن بوش کو لیگل نوٹس کیوں بھیجا؟
انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی کسی مخصوص بولر کے انداز اور ایکشن کی نقل بھی کر سکتی ہے، جس سے کھلاڑیوں کو بڑے مقابلوں سے قبل بہتر تیاری کا موقع ملتا ہے اور نیٹس اور حقیقی میچ کے درمیان فرق کم ہو جاتا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے اس ٹیکنالوجی کو کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ جدید دور کی کرکٹ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے یہ مشین انتہائی مؤثر ثابت ہوگی۔ چونکہ گیند اسکرین پر دکھائی جانے والی بولر کی ایکشن کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر ریلیز ہوتی ہے، اس لیے بلے باز کو بالکل وہی ٹائمنگ اختیار کرنا پڑتی ہے جو حقیقی میچ میں درکار ہوتی ہے۔
🚨 UPDATE
PCB has installed a state-of-the-art Trueman 3 Bowling Machine at the National Cricket Academy as part of its ongoing commitment to providing players with world-class training facilities and realistic match simulation practice #PakistanCricket pic.twitter.com/Mr9DN87rGy— KhilariTak (@khilaritak) July 6, 2026
سلمان علی آغا نے اعتراف کیا کہ ابتدا میں اس نظام سے ہم آہنگ ہونا آسان نہیں ہوتا، تاہم ایک بار عادت بن جائے تو بیٹنگ میں واضح بہتری محسوس ہوتی ہے۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مستقبل میں یہ ٹیکنالوجی بلے بازوں کی مہارت نکھارنے میں اہم کردار ادا کرے گی اور کھلاڑی اس سے مزید فائدہ اٹھا سکیں گے۔
واضح رہے کہ مصنوعی ذہانت سے لیس ٹرومین 3 بولنگ مشین کوچز کو انتہائی مخصوص اور حقیقت سے قریب تربیتی سیشن تیار کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
مختلف قسم کی گیندوں کے سلسلے محفوظ اور دوبارہ استعمال کیے جا سکتے ہیں، جس سے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی کرکٹ کے لیے حقیقی میچ جیسی مشق کا موقع ملتا ہے۔













