پاکستانی کرکٹ کے لیجنڈ وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر اپنی موت سے متعلق گردش کرنے والی جعلی ویڈیوز اور افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا ہے کہ وہ خیریت سے ہیں۔
وسیم اکرم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کی گئی ویڈیو میں طنزیہ انداز میں کہا کہ ’گزشتہ چند روز سے میری موت کی فیک نیوز چل رہی ہے۔ اگر آج کے دور میں آپ لوگ بھی جعلی خبروں کو نہیں پہچان پا رہے تو ہم ساٹھ سال کے بابے کس کھیت کی مولی ہیں‘؟۔
View this post on Instagram
انہوں نے مزید کہا ’ان لوگوں کو اکیس توپوں کی سلامی ہے جو سوشل میڈیا پر مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ آپ زندہ ہیں۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ’نہیں، میں مر کر ویڈیو بنا رہا ہوں‘۔
سابق کپتان نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی جعلی ویڈیوز کی شناخت کرنا مشکل نہیں مگر حیرت ہے کہ لوگ پھر بھی ان پر یقین کر لیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وسیم اکرم کی 60ویں سالگرہ، اکاؤنٹ بلاک ہونے پر شنیرا اکرم کا بھارتی مداحوں کے نام خصوصی پیغام
وسیم اکرم نے کہا جن لوگوں نے یہ جعلی ویڈیوز بنائی ہیں انہیں یقیناً بہت محنت کرنا پڑی ہوگی خاص طور پر شعیب اختر اور شاہد آفریدی جیسے بڑے ناموں کے ساتھ ایسی ویڈیوز تیار کرنے میں۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر یہی ذہانت اور محنت کسی مثبت کام میں استعمال کی جاتی تو آپ زندگی میں بہت کامیاب ہوتے۔
آخر میں وسیم اکرم نے اپنے مداحوں کی تشویش اور محبت کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کی فکر اور دعاؤں کا شکریہ، میں بالکل خیریت سے ہوں۔














