محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے آئندہ ایک ہفتے کے دوران بالائی علاقوں میں بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
مزید پڑھیں:موسمی پیش گوئی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری، محکمہ موسمیات کے لیے 1.6 ارب روپے مختص
فلڈ فورکاسٹ ڈویژن کے مطابق دریاؤں کی موجودہ صورتحال قابو میں ہے، بڑے دریاؤں میں اس وقت کسی بڑی سیلابی صورتحال کا خدشہ نہیں، جبکہ پانی کے بہاؤ کی صورتحال مستحکم ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ 8 سے 14 جولائی کے دوران بالائی دریائی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔
پیشگوئی کے مطابق 11 سے 13 جولائی کے دوران بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:محکمہ موسمیات نے پرسوں سے مون سون بارشوں کی پیش گوئی کردی
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فلڈ فورکاسٹ ڈویژن کے مطابق تربیلا اور منگلا ڈیم کی صورتحال معمول پر ہے، جبکہ بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ مسلسل مستحکم ہے۔














