پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا عالمی کپ کا سفر اختتام کو پہنچ گیا، تاہم وہ کھیل کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں اپنا نام ہمیشہ کے لیے ثبت کرگئے۔ 41 سالہ رونالڈو نے اسپین کے خلاف ناک آؤٹ مرحلے میں اپنا آخری عالمی کپ میچ کھیلا، جس میں پرتگال کو آخری لمحات میں ایک صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
رونالڈو نے عالمی کپ میں مجموعی طور پر 26 میچز کھیل کر 11 گول اسکور کیے اور وہ تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے مسلسل 6 مختلف ورلڈ کپ مقابلوں میں گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے 2006 سے 2026 تک ہر عالمی کپ میں اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔
یہ بھی پڑھیں: 2026 ورلڈ کپ میرا آخری ٹورنامنٹ ہوگا، کرسٹیانو رونالڈو کا اعلان
قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے رونالڈو 232 میچز میں 146 گول کرچکے ہیں۔ ان کے کیریئر میں 5 بیلون ڈی اور، 5 یورپی چیمپئنز لیگ کے اعزاز، یورپی چیمپیئن شپ اور 2 نیشنز لیگ کے ٹائٹل شامل ہیں، تاہم عالمی کپ کی ٹرافی ان کے کیریئر کی واحد بڑی خواہش رہی جو پوری نہ ہوسکی۔

رونالڈو نے اپنے کیریئر کے مختلف ادوار میں مسلسل ترقی کی، 2018 کے عالمی کپ میں اسپین کے خلاف ہیٹ ٹرک ان کے یادگار ترین لمحات میں شمار ہوتی ہے، جبکہ 2026 کے عالمی کپ میں انہوں نے ناک آؤٹ مرحلے میں پہلی بار گول کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان کا آخری عالمی کپ تھا، لیکن اگر صحت نے ساتھ دیا تو وہ فٹبال کھیلنا جاری رکھیں گے۔ رونالڈو کا کہنا تھا کہ وہ اپنی مرضی سے میدان چھوڑیں گے، کسی اور کی خواہش پر نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں گول کرنے والے معمر ترین کھلاڑی بن گئے
رونالڈو اس وقت اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں 976 سرکاری گول کر چکے ہیں اور فٹبال کی تاریخ میں ایک ہزار گول مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بننے سے صرف 24 گول دور ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اگر انجری آڑے نہ آئی تو وہ اس تاریخی سنگ میل تک ضرور پہنچیں گے۔

اگرچہ رونالڈو عالمی کپ کی ٹرافی اپنے نام نہ کر سکے، لیکن انہوں نے دو دہائیوں سے زائد عرصے تک پرتگال کو عالمی فٹبال میں نئی شناخت دی، یورپی چیمپیئن شپ اور 2 نیشنز لیگ کے ٹائٹل جتوائے اور اپنی غیر معمولی محنت، عزم اور ریکارڈز کے ذریعے دنیا بھر کے کروڑوں شائقین کے دل جیت لیے۔














