ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای سپرد خاک، مشہد میں لاکھوں افراد کی شرکت

جمعہ 10 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران کے مقتول سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو جمعرات کے روز شمال مشرقی شہر مشہد میں واقع روضۂ امام رضا میں سپرد خاک کر دیا گیا جہاں لاکھوں سوگواروں کی موجودگی میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں جاری 6 روزہ سوگ اور تدفینی تقریبات اپنے اختتام کو پہنچ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں آیت اللہ خامنہ ای کی تجہیز و تکفین میں شرکت

آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر ہونے والے مشترکہ امریکی اور اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے جس کے بعد ملک بھر میں ان کی یاد میں مختلف شہروں میں سوگ اور تعزیتی تقریبات منعقد کی گئیں۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مشہد میں ہونے والی نماز جنازہ کی امامت آیت اللہ مصطفیٰ خامنہ ای نے کرائی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ بعد ازاں آیت اللہ خامنہ ای کو روضۂ امام رضا میں سپردِ خاک کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق انہیں اپنی پوتی، بیٹی، داماد اور اپنے جانشین مجتبیٰ خامنہ ای کی اہلیہ زہرا حداد عادل کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا جو 28 فروری کے حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں شامل تھیں۔

جنازے میں غیرمعمولی ہجوم

تدفین سے قبل آیت اللہ خامنہ ای کا تابوت مشہد کی سڑکوں پر ایک گاڑی کے ذریعے روضۂ امام رضا کی جانب لے جایا گیا۔ ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کی جانب سے جاری ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہزاروں افراد تابوت کے راستے کے دونوں جانب موجود تھے۔

جب جلوس روضے کے احاطے میں پہنچا تو غیرمعمولی ہجوم کے باعث گاڑی آگے نہ بڑھ سکی جس کے بعد تابوت کو آخری مرحلے میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے مزار تک منتقل کیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سیاہ لباس میں ملبوس مرد اور سیاہ چادروں میں خواتین بڑی تعداد میں جنازے میں شریک تھیں۔

ملک گیر سوگ کی تقریبات مکمل

آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین سے قبل تہران، قم اور عراق میں بھی ان کی یاد میں مختلف سوگ اور تعزیتی تقریبات منعقد کی گئیں۔

مزید پڑھیے: شہباز شریف کا آیت اللہ خامنہ ای کو خراجِ عقیدت، ایران سے مکمل یکجہتی کا اظہار

ان کے چیف آف اسٹاف محمد محمدی گلپایگانی نے قبل ازیں ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی خواہش تھی کہ انہیں ان کے آبائی شہر مشہد میں روضۂ امام رضا کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے۔

روضۂ امام رضا ایران کی متعدد ممتاز شخصیات کی آخری آرام گاہ بھی ہے جن میں 2024 میں ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے سابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سمیت کئی دیگر اہم رہنما شامل ہیں۔

مجتبیٰ خامنہ ای منظر عام سے غائب

آیت اللہ علی خامنہ ای کی وفات کے بعد ایران کی مجلس خبرگان نے ان کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر مقرر کیا تاہم وہ 28 فروری کے حملے کے بعد سے تاحال عوامی منظر سے غائب ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق حملے میں مجتبیٰ خامنہ ای کے چہرے اور جسم کے مختلف حصوں پر شدید زخم آئے تھے۔ اگرچہ وہ تحریری بیانات جاری کر چکے ہیں تاہم اب تک ان کی کوئی نئی تصویر، ویڈیو یا آڈیو منظرعام پر نہیں آئی۔

مزید پڑھیں: ایران: سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای شہید، ایران میں 40 روزہ سوگ کا اعلان

ذرائع کے مطابق وہ صحت یاب ہو رہے ہیں جبکہ سیکیورٹی خدشات کے باعث ان کی عوامی سرگرمیوں کو محدود رکھا گیا ہے۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کون تھے؟

آیت اللہ علی خامنہ ای 19 اپریل 1939 کو مشہد میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے مشہد اور قم میں ممتاز شیعہ علما سے دینی تعلیم حاصل کی جن میں ایران کے اسلامی انقلاب کے رہنما آیت اللہ روح اللہ خمینی بھی شامل تھے۔

وہ سنہ 1979 کے اسلامی انقلاب سے قبل شاہ محمد رضا پہلوی کے مخالفین میں شمار ہوتے تھے اور اس دوران متعدد مرتبہ گرفتار بھی ہوئے۔

اسلامی انقلاب کے بعد انہوں نے نائب وزیر دفاع، تہران کے خطیبِ جمعہ، اسلامی انقلابی کونسل کے رکن سمیت کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔

وہ سنہ 1981 سے سنہ 1989 تک ایران کے تیسرے صدر رہے اور ایران عراق جنگ کے دوران ملک کی قیادت کا حصہ رہے۔

جون 1989 میں آیت اللہ روح اللہ خمینی کے انتقال کے بعد مجلس خبرگان نے انہیں ایران کا سپریم لیڈر منتخب کیا۔

37 سال تک ایران کی بااثر ترین شخصیت رہے

بطور سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ایران کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر تھے اور فوج، عدلیہ، انٹیلی جنس اداروں، سرکاری نشریاتی اداروں اور ملک کی اہم داخلی و خارجی پالیسیوں پر حتمی اختیار رکھتے تھے۔

یہ بھی پڑھیے: اسحاق ڈار کی ایرانی سفارتخانے آمد، آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر تعزیتی کتاب میں تاثرات درج کیے

وہ تقریباً 37 برس تک ایران کی سب سے طاقتور سیاسی و مذہبی شخصیت رہے یہاں تک کہ 28 فروری 2026 کو امریکی اور اسرائیلی مشترکہ حملے میں ان کی زندگی کا خاتمہ ہو گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp