چین کا آئندہ 5 برس میں روزگار اور سماجی تحفظ کا نظام مزید مضبوط بنانے کا اعلان

ہفتہ 11 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین نے 2026 سے 2030 تک کے لیے اپنے 15ویں 5 سالہ ترقیاتی منصوبے کے تحت روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، بے روزگاری کی شرح کو 5.5 فیصد سے کم رکھنے، سماجی تحفظ کے نظام کو وسعت دینے اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے روزگار کے شعبے کو جدید بنانے کے اہداف مقرر کر دیے ہیں۔

چین کی وزارت انسانی وسائل و سماجی تحفظ نے 2026 سے 2030 تک کے 15ویں 5 سالہ منصوبے کے تحت روزگار، سماجی تحفظ اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں کے لیے جامع ترقیاتی منصوبہ جاری کر دیا ہے، جس میں آئندہ 5 برس کے دوران شہری علاقوں میں بڑے پیمانے پر ملازمتیں پیدا کرنے اور بے روزگاری کی شرح کو 5.5 فیصد کے اندر رکھنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

شِنہوا نیوز ایجنسی کے مطابق منصوبے میں سات بڑے اہداف اور 18 قابلِ پیمائش اشاریے شامل کیے گئے ہیں۔ وزارت کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس دوران معیاری اور پائیدار روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت 2 کروڑ 50 لاکھ بے روزگار شہریوں کو دوبارہ ملازمتیں فراہم کرنے جبکہ روزگار کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنے والے 65 لاکھ افراد کو خصوصی معاونت دینے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چین کے گوانگ شی میں طوفانی بارشوں سے تباہی، امدادی اور بحالی کی کارروائیاں تیز

حکومت نے پیشہ ورانہ مہارتوں کی ترقی کو بھی ترجیح دی ہے۔ اس مقصد کے لیے 5 کروڑ سے زائد افراد کو سبسڈی کے تحت فنی تربیت فراہم کی جائے گی، جن میں ایک کروڑ 75 لاکھ دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے مزدور بھی شامل ہوں گے۔

سماجی تحفظ کے شعبے میں بنیادی پنشن انشورنس کی کوریج 95 فیصد سے زیادہ رکھنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بے روزگاری انشورنس سے مستفید ہونے والوں کی تعداد 25 کروڑ 50 لاکھ اور ورک انجری انشورنس سے مستفید افراد کی تعداد 34 کروڑ 50 لاکھ تک پہنچانے کا منصوبہ ہے۔

منصوبے کے مطابق انٹرپرائز اینویٹی اور پیشہ ورانہ پنشن فنڈز کا حجم 9 کھرب یوآن سے تجاوز کر جائے گا۔ اسی طرح ایک کروڑ 40 لاکھ افراد کو پیشہ ورانہ اہلیت کے سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے، ہر سال 35 ہزار پوسٹ ڈاکٹریٹ محققین بھرتی کیے جائیں گے، جبکہ 4 کروڑ افراد کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی تصدیق کی جائے گی۔

چینی حکومت نے مصنوعی ذہانت کو بھی اس منصوبے کا اہم حصہ بنایا ہے۔ وزارت کے مطابق اے آئی کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے، کم از کم اجرت کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا، نئی طرز کی ملازمتوں کے لیے مزدوروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور قومی سماجی انشورنس خدمات کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات چین میں اعلیٰ معیار کے روزگار، مضبوط سماجی تحفظ اور پائیدار اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp