بنکاک کے شراب خانے میں ہولناک آتشزدگی، 27 افراد جاں بحق، 60 سے زائد زخمی

پیر 13 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

.

.

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کے معروف ضلع چٹوچک میں واقع ایک شراب خانے میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوگئے، جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب 12 بجے کے کچھ ہی دیر بعد شراب خانے کے مرکزی دروازے کے قریب اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ لگتے ہی فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا، تاہم اس دوران شراب خانے میں موجود افراد جان بچانے کے لیے باہر نکلنے کی کوشش کرتے رہے، لیکن دھواں اور شعلے ان کی راہ میں رکاوٹ بن گئے۔

چشم دید گواہوں کے مطابق آگ بار کے اسٹیج کے قریب سے شروع ہوئی اور چند ہی لمحوں میں تیزی سے پھیل گئی۔ آگ لگنے کے ساتھ ہی بجلی منقطع ہوگئی، جس سے عمارت اندھیرے میں ڈوب گئی اور ہر طرف گاڑھا دھواں پھیل گیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھویں کے بادل عمارت سے باہر نکل رہے ہیں، جبکہ اندر موجود افراد چیختے، بھاگتے اور جان بچانے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق فائر فائٹرز کو واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔ ایک عینی شاہد، جو اس وقت وہاں سے گزر رہا تھا، نے مقامی اخبار ڈیلی نیوز کو بتایا کہ اس نے رات تقریباً ساڑھے 11 بجے عمارت سے شعلے اٹھتے دیکھے۔ اس کے مطابق وہ فوری طور پر اپنی گاڑی سے اترا، کھڑکیوں کے شیشے توڑے اور دو افراد کو بحفاظت باہر نکالنے میں کامیاب ہوا۔

تھائی لینڈ کے وزیراعظم انونتن چارنویراکل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکام نے اسٹیج پر موجود موسیقار سے بھی پوچھ گچھ کی، جس نے بتایا کہ بجلی بند ہونے کے فوراً بعد اچانک آگ بھڑک اٹھی اور صورتحال چند لمحوں میں انتہائی سنگین ہوگئی۔ ہر شخص دھویں اور آگ کے شعلوں سے بچنے کے لیے کسی نہ کسی راستے سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہا تھا۔

وزیراعظم کے مطابق متعدد افراد باہر نکلنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور عمارت کے پچھلے حصے کی جانب چلے گئے، جہاں انہوں نے دھویں اور آگ سے بچنے کے لیے بیت الخلا میں پناہ لینے کی کوشش کی۔ امدادی اہلکاروں کو زیادہ تر لاشیں اسی حصے سے ملیں۔

رپورٹس کے مطابق فائر بریگیڈ نے تقریباً آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، تاہم اس المناک حادثے میں 9 مرد اور 18 خواتین جان کی بازی ہار گئے۔ زخمی ہونے والے 60 سے زائد افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ حکام آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp