ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی کی امریکا سے بیرونِ ملک منتقلی کے منصوبے ان کے تاریخی لاس اینجلس بنگلے کی فروخت میں تاخیر کے باعث سست روی کا شکار ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انجلینا جولی طلاق کے بعد زندگی کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کرنا چاہتی ہیں اور مستقبل میں کمبوڈیا میں زیادہ وقت گزارنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ انجلینا جولی امریکا اور کمبوڈیا، دونوں ممالک کی شہریت رکھتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کی بیٹی کا بڑا فیصلہ، والد کا نام ہٹا کر توجہ سمیٹ لی
رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے مئی میں لاس فیلز میں واقع اپنی تاریخی رہائش گاہ تقریباً 29.85 ملین ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کی تھی تاہم یہ جائیداد اب تک فروخت نہیں ہو سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انجلینا جولی لاس اینجلس اور سابق شوہر بریڈ پٹ سے جڑی یادوں کو پیچھے چھوڑ کر اپنے بچوں کے ساتھ کسی نئے شہر میں نئی زندگی شروع کرنا چاہتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق انجلینا جولی کافی عرصے سے اپنے جڑواں بچوں ناکس اور ویوین کے 18 برس کے ہونے کا انتظار کر رہی تھیں کیونکہ اس کے بعد وہ بچوں کی تحویل سے متعلق پابندیوں سے آزاد ہو جائیں گی اور اپنے بچوں کے ساتھ امریکا سے باہر منتقل ہو سکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: انجلینا جولی نے امریکا چھوڑنے کی تیاری شروع کر دی، کس ملک میں رہائش اختیار کریں گی؟
رپورٹ کے مطابق اگرچہ انجلینا جولی مالی طور پر اتنی مستحکم ہیں کہ جائیداد کی فروخت کے بغیر بھی کہیں بھی منتقل ہو سکتی ہیں تاہم وہ اپنی زندگی کے اس باب کو مکمل طور پر بند کرکے نئی شروعات کرنا چاہتی ہیں۔ تقریباً 0.8 ہیکٹر رقبے پر پھیلی اس شاندار رہائش گاہ میں سوئمنگ پول، گیسٹ ہاؤس، ٹی ہاؤس، متعدد رہائشی کمرے، لائبریری، لکڑی سے مزین ڈائننگ روم اور جدید طرز کا کچن موجود ہے۔
انجلینا جولی نے یہ گھر 2017 میں بریڈ پٹ سے علیحدگی کے بعد تقریباً 25 ملین ڈالر میں خریدا تھا۔ یہ جائیداد لاس اینجلس کے تاریخی گھروں میں شمار ہوتی ہے اور ماضی میں معروف فلم ساز Cecil B. DeMille کی ملکیت رہ چکی ہے جو 1959 میں اپنی وفات تک یہاں مقیم رہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی رہنما غزہ پر اسرائیلی بمباری میں شریک مجرم ہیں، انجلینا جولی
انجلینا جولی اس سے قبل ایک انٹرویو میں کہہ چکی ہیں کہ وہ اپنی زندگی کے اگلے مرحلے میں کمبوڈیا میں زیادہ وقت گزارنا چاہتی ہیں کیونکہ وہ اس ملک کو اپنے گھر جیسا محسوس کرتی ہیں۔














