استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سینئر رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔
قرارداد میں مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج سے متعلق بیان کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ متن کے مطابق پوری قوم اپنے دفاعی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کے اداروں کو سیاسی تنقید کا نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے، جبکہ ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات قومی مفاد کے منافی ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف اس نوعیت کا بیانیہ دشمن قوتوں کو فائدہ پہنچا سکتا ہے، لہٰذا قومی اداروں کے وقار کو مجروح کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
مزید پڑھیں:’شہادت ہے مطلوب و مقصودِ مومن‘ یہ راز تنخواہ داروں کی سمجھ سے بالاتر ہے، رانا ثنا اللہ خان
شعیب صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں نے ملک کے دفاع اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، اور ایسے اداروں کے خلاف بیانات ناقابل قبول ہیں۔














