برطانیہ میں ایک پائلٹ نے دورانِ پرواز اپنی اکتاہٹ دور کرنے کے لیے ایسا انوکھا طریقہ اپنایا کہ اب انٹرنیٹ پر اس کے خوب چرچے ہورہے ہیں۔ 2 گھنٹے کی ایک معمول کی آزمائشی پرواز کے دوران پائلٹ نے ہوائی جہاز کے راستے کی مدد سے ریڈار اور پرواز کو ظاہر کرنے والے نقشے پر ’میں اکتا گیا ہوں‘ لکھ دیا۔
اطلاعات کے مطابق پائلٹ نے لیورپول سے ایک چھوٹے طیارے میں اڑان بھری تھی۔ دراصل اس طیارے کا ایک پرزہ تبدیل کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کا معائنہ کرنے کے لیے معمول کی آزمائشی پرواز لازمی تھی۔ چونکہ پرواز میں کوئی مسافر یا سامان نہیں تھا، اس لیے پائلٹ نے پرواز کو دلچسپ بنانے کا فیصلہ کیا۔
2 گھنٹے کی اس پرواز کے دوران پائلٹ نے برطانوی علاقوں اور شمالی ویلز کی سرحد کے اوپر انتہائی مہارت کے ساتھ طیارہ اڑایا۔ جب پرواز کو دکھانے والی ویب سائٹ پر اس کا راستہ دیکھا گیا تو وہاں واضح طور پر یہ تحریر لکھی ہوئی دکھائی دی۔
ایئرلائن کے منتظم کا کہنا تھا کہ آزمائشی پرواز کے دوران پائلٹ واقعی کچھ اکتا رہا تھا، لیکن اس طرح آسمان میں الفاظ لکھنا انتہائی مہارت کا کام ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پائلٹ کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہیں کی جارہی، وہ بالکل محفوظ طریقے سے طیارہ واپس کھڑا کرچکا ہے اور فی الحال اپنی چھٹی کا لطف اٹھا رہا ہے۔













