کیا ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ ہے؟

جمعرات 16 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی ممکنہ قلت کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے، تاہم پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور متعلقہ حکام نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور سپلائی کا نظام معمول کے مطابق جاری ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ ملک میں پیٹرول کے ذخائر محدود ہو رہے ہیں اور اگر صورتحال برقرار رہی تو آئندہ دنوں میں کئی پیٹرول پمپس پر سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان کا کہنا ہے کہ موجودہ ذخائر تقریباً 2 ہفتوں کے لیے کافی ہیں، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ڈیلرز کو ان کی ضرورت کے مطابق سپلائی نہیں دی جا رہی، جس سے کئی علاقوں میں مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 13 روپے 18 پیسے، ڈیزل 13 روپے 80 پیسے فی لیٹر مہنگا

وی نیوز نے اس معاملے پر پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ذرائع سے رابطہ کیا، جنہوں نے قلت کے خدشات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے بتایا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی جمعہ کو پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ اسی توقع کے پیش نظر متعدد پیٹرول پمپ مالکان معمول سے کئی گنا زیادہ پیٹرول خرید کر ذخیرہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ نئی قیمتوں کے نفاذ سے پہلے زیادہ اسٹاک حاصل کیا جا سکے۔ تاہم پی ایس او اور آئل مارکیٹنگ کمپنیاں انہیں صرف ان کی روزمرہ فروخت کے مطابق سپلائی فراہم کر رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اگر کسی پیٹرول پمپ کی روزانہ اوسط فروخت ایک لاکھ لیٹر ہے تو اسے اسی تناسب سے سپلائی دی جا رہی ہے، جبکہ بعض ڈیلرز 3 سے 4 لاکھ لیٹر اضافی پیٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں، جو پالیسی کے مطابق ممکن نہیں۔ اسی وجہ سے قلت کے خدشات کا تاثر پیدا کیا جا رہا ہے۔

پی ایس او ذرائع نے واضح کیا کہ ملک میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے وافر ذخائر موجود ہیں اور سپلائی چین مکمل طور پر فعال ہے، اس لیے عوام کو پریشان ہونے یا غیر ضروری طور پر پیٹرول ذخیرہ کرنے کی ضرورت نہیں۔

ماضی میں بھی قیمتوں میں اضافے یا ڈیلرز کے منافع کے مارجن سے متعلق معاملات پر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے اسی نوعیت کے خدشات یا ہڑتال کی دھمکیاں سامنے آتی رہی ہیں۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مذاکرات کے بعد اکثر یہ معاملات حل ہو جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کا نظام بدلنے کی تیاری، اب قیمتیں کیسے طے ہوں گی؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث مارکیٹ میں بے یقینی ضرور موجود ہے، تاہم اس وقت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی حقیقی قلت کے شواہد موجود نہیں، اور حکام مسلسل سپلائی کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

’ملٹی ٹاسکنگ‘: دیپیکا پڈوکون امید سے ہونے کے باوجود شوٹنگ میں مصروف، ڈیڑھ سالہ بیٹی کی بھی دیکھ بھال

پاکستان آؤں تو بریانی اور کڑاہی ملے گی؟ جنوبی کورین میوزک گروپ کے سوال نے مداحوں کے دل جیت لیے

کرکٹ کا سنہری باب بند، پاکستان کیخلاف 365 رنز بنانے والے عظیم آل راؤنڈر سر گیری سوبرز انتقال کر گئے

وزیراعظم آزاد کشمیر کے قافلے میں شامل پولیس گاڑی حادثے کا شکار، ایک اہلکار جاں بحق، متعدد زخمی

تنویر الیاس کے قافلے پر حملہ، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی شدید مذمت

ویڈیو

سہیل آفریدی کی پولیس، غنڈہ راج عروج پر، کابینہ میں ردوبدل حقیقت یا پروپیگنڈا؟ عوام پر پیٹرول بم گرنے کو تیار

چین سے 3گنا زیادہ قیمت پر گیس کی خریداری، اسلام آباد بمقابلہ پنجاب، گندم اور آٹا عوام کی پہنچ سے باہر، مہنگائی ایران جنگ پر نہ ڈالیں

’کاروبار میں آسانی‘ کی 558 اصلاحات پر پیشرفت، 468 ارب روپے سے زائد بچت متوقع، وزیراعظم

کالم / تجزیہ

کیا موساد نےسابق ایرانی صدر کو آلہ کار بنا لیا تھا؟

ہمارا جھوٹ اور ان کا جھوٹ

دھڑکتے دل کا فون