بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون حمل کے 7ویں ماہ میں بھی اپنی آنے والی ایکشن فلم ’راکا‘ کی شوٹنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے ہاں دوسرے بچے کی آمد متوقع، خوشخبری سوشل میڈیا پر شیئر کر دی
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ تقریباً روزانہ فلم کی عکس بندی میں حصہ لے رہی ہیں تاکہ زچگی کی رخصت پر جانے سے پہلے اپنا کام مکمل کر سکیں۔
ویریٹی انڈیا کے مطابق دیپیکا طویل اوقات تک سیٹ پر کام کر رہی ہیں۔ فلم کی ٹیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے نہایت مشکل اور جسمانی طور پر تھکا دینے والے ایکشن مناظر بھی بھرپور عزم کے ساتھ مکمل کیے جس نے پوری ٹیم کو متاثر کیا۔
فلم کے ایک عملے کے رکن کے مطابق دیپیکا اس بات کے لیے پرعزم تھیں کہ زچگی کی رخصت سے پہلے اپنی تمام شوٹنگ مکمل کر لیں۔ بعض ایکشن مناظر انتہائی مشکل تھے لیکن انہوں نے تمام چیلنجز کے باوجود انہیں کامیابی سے انجام دیا۔
مزید پڑھیے: دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے ہاں بیٹی کی پیدائش، ساتھی فنکاروں کی مبارکباد
انہوں نے مزید بتایا کہ سیٹ پر موجود ہر شخص کے لیے دیپیکا کی محنت اور لگن باعثِ تحریک ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی کی دیکھ بھال پر بھی پوری توجہ دے رہی ہیں۔
سال2027 میں ریلیز ہونے والی فلم
ہدایت کار ایٹلی کی ایکشن فلم ’راکا‘ میں دیپیکا پڈوکون کے ساتھ جنوبی بھارتی سپر اسٹار الو ارجن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم دسمبر 2027 میں ریلیز ہونے کی توقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلم میں فینٹسی، سائنس فکشن اور دیومالائی عناصر کو یکجا کیا گیا ہے جبکہ کہانی ایک ایسے جنگجو کے گرد گھومتی ہے جو دنیا کو خطرات سے بچانے کے لیے مہم پر نکلتا ہے۔
دوران حمل ایکشن مناظر کی عکس بندی کا تجربہ
یہ پہلا موقع نہیں کہ دیپیکا پڈوکون نے دورانِ حمل مشکل ایکشن مناظر کی شوٹنگ کی ہو۔ سنہ 2024 میں بھی انہوں نے فلموں ’کالکی 2898 اے ڈی‘ اور ’سنگھم اگین‘ کے لیے جسمانی طور پر مشکل ایکشن سین عکس بند کرائے تھے۔
مزید پڑھیں: ’101 کروڑ روپے یا دبئی میں ولا‘ مکیش امبانی نے دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی بیٹی کو کیا تحفہ دیا؟
بھارتی میڈیا کے مطابق دیپیکا پڈوکون کا دوران حمل فلمی سرگرمیاں جاری رکھنا اس تاثر کو بدلنے کی ایک مثال سمجھا جا رہا ہے کہ حاملہ اداکارائیں مشکل کردار ادا نہیں کر سکتیں جبکہ وہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور مادری فرائض کے درمیان توازن قائم کرنے کی بھی کوشش کر رہی ہیں۔













