بنوں میں حالیہ دہشت گردی کی کارروائیوں، پولیس پر حملوں اور بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے کیے گئے خودکش حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس پر مبنی مشترکہ آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بنوں ضلع اور ملحقہ علاقوں میں شدید جھڑپوں کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: بنوں میں دہشتگردوں کا نیٹ ورک تباہ، گولہ بارود سے بھری گاڑی پرڈرون سے حملہ ،3 خوارج ہلاک
ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ یہ دہشتگرد متعدد دہشتگرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری رہیں گے اور حالیہ دہشت گرد حملوں کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور معاونت کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، مطلوب دہشتگرد سمیت 2 خوارج ہلاک
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔














