الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس جعلی مراسلے کی سختی سے تردید کردی ہے جس میں آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات ملتوی ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کی جانب سے انتخابی شیڈول اور حلقہ بندیوں سے متعلق افواہوں کی سختی سے تردید
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن کے لیٹر ہیڈ پر ایک جعلی مراسلہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے پھیلایا جا رہا ہے، جس کا نہ تو الیکشن کمیشن پاکستان سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر سے۔

ترجمان نے سیاسی جماعتوں، امیدواروں، میڈیا نمائندگان اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی بے بنیاد اور گمراہ کن اطلاعات پر یقین نہ کریں اور صرف الیکشن کمیشن کے جاری کردہ سرکاری اعلانات اور محکمہ اطلاعات کی جانب سے جاری خبروں پر اعتماد کریں۔
الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے واضح کیا ہے کہ عام انتخابات ان شاء اللہ اپنے مقررہ وقت پر جاری انتخابی شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: ایل اے 24 سدھنوتی کے انتخابات امیدوار کے انتقال پر ملتوی
ترجمان کے مطابق انتخابی پروگرام میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی صورت میں اس کا اعلان صرف الیکشن کمیشن کے مجاز اور سرکاری نوٹیفکیشن کے ذریعے کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ اور جعلی معلومات پھیلانے سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر اعتماد کریں۔














