وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026 پاکستان کو 21ویں صدی کی جدید ٹیکنالوجی میں صفِ اول کا ملک بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جبکہ روبوٹکس، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈرون ٹیکنالوجی معیشت کو مضبوط، قومی سلامتی کو مؤثر اور عوام کی زندگی کو مزید آسان بنائیں گے۔
انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس سال کے آغاز میں پاکستان نے انڈس اے آئی سمٹ کی میزبانی بھی کی، جو ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے حکومتی عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بچپن میں ٹیکنالوجی کی جدت بلیک اینڈ وائٹ ٹیلی ویژن کی آمد تھی، مگر آج مشینیں خود محسوس کرتی ہیں، تیزی سے فیصلے کرتی ہیں اور ان پر عملدرآمد بھی کرتی ہیں، جو کبھی خواب تھا، آج حقیقت بن چکا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد مقامی تیاری حاصل کر لی ہے اور انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ملک نے جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قابلِ فخر ہے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں اپنایا۔
انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران مسلح افواج نے آٹونومس سسٹمز اور سائبر سکیورٹی کے ذریعے سرحدوں کا کامیاب دفاع کیا، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ایئر چیف اور نیول چیف کی معاونت بھی شاندار رہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جاری رکھے گا اور دفاعی شعبے میں آٹونومس صلاحیتوں کے فروغ کے لیے واضح قانون سازی اور جامع فریم ورک بھی تیار کیا جائے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026 میں شرکا کا خیرمقدم کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان نے ڈیجیٹل تبدیلی کی واضح سمت اختیار کی ہے اور ملک روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کی مکمل ویلیو چین کا مالک بننے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دورہ کراچی، مصروفیات کیا ہوں گی؟
شزا فاطمہ نے کہا کہ وزیراعظم نے اے آئی سے لیس پرائم منسٹرز آفس سسٹم کا افتتاح کر دیا ہے، جو گورننس کے نظام میں انقلابی تبدیلی لائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل مہارتوں اور جدید ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں آئی سی ٹی برآمدات میں تقریباً 21 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ پاکستان ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس میں 14 درجے بہتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔













