وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکروں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مملکت سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق خوشگوار ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ سعودی آئل ٹینکروں پر حملے قطعی ناقابل قبول ہیں، بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں اور یہ جہاز رانی، عالمی تجارتی نقل و حمل، علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان کی طرف سے حوثیوں کے سعودی آئل ٹینکر پر حملے کی شدید مذمت، ریاض کی مکمل حمایت کا اعادہ
شہباز شریف نے کہا کہ وہ خود، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم اس نازک مرحلے پر سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مملکت سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یقین دلایا کہ پاکستان بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور پورے خطے میں امن، سلامتی، استحکام اور بین الاقوامی سمندری تجارتی راستوں کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مشکل وقت میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی اور مضبوط تعلقات کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیے سعودی عرب کی سلامتی پر پاکستان کا دوٹوک مؤقف، حوثی ملیشیا کی دھمکیاں ناقابل قبول قرار
گفتگو کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار بھی کیا۔














