بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز بیانات مسترد، پاکستان کا اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

پیر 27 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے مسئلہ کشمیر سے متعلق حالیہ بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں انتہائی اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے عزم اور کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت کو ہرگز کم نہیں سمجھنا چاہیے۔

مزید پڑھیں:افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، کراچی حملے میں ملوث ہونے پر احتجاجی مراسلہ حوالے

دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر دفاع کے ریمارکس نہ صرف اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ جموں و کشمیر تنازع سے متعلق حقائق کو مسخ کرتے ہیں بلکہ یہ بھارتی حکومت کی جانب سے علاقائی اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کی دانستہ پالیسی کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارت ایسے بیانات کے ذریعے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر پر اپنے قبضے، خطے میں دہشتگردی کی سرپرستی اور اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ جارحانہ بیانات کے باوجود بھارت کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، جس کا مظاہرہ گزشتہ برس آپریشن بنیان المرصوص کے دوران پوری قوم اور مسلح افواج نے کیا۔

مزید پڑھیں:ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کل پاکستان کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ کی تصدیق

پاکستان نے بین الاقوامی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ، پر زور دیا کہ وہ بھارت کے طرزِ عمل کا نوٹس لے اور سلامتی کونسل کی ان قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرے جن میں کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینے کی ضمانت دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp