سام سنگ کے نئے فولڈ ایبل اسمارٹ فون گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کے ابتدائی جائزے سامنے آ گئے ہیں جن میں اس کے منفرد پاسپورٹ نما ڈیزائن، بہتر میڈیا تجربے اور جدید بیٹری ٹیکنالوجی کو سراہا گیا ہے تاہم ماہرین نے اس میں موجود چند خامیوں کی بھی نشاندہی کی ہے۔
سام سنگ نے اس بار اپنے نئے فولڈ ایبل فون کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ مختصر اور چوڑا ڈیزائن دیا ہے۔ فون میں 7.6 انچ کی 4:3 تناسب والی اندرونی اسکرین دی گئی ہے جو ویڈیوز دیکھنے، سوشل میڈیا استعمال کرنے، ویب براؤزنگ اور تصاویر دیکھنے کے لیے زیادہ موزوں قرار دی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سام سنگ گلیکسی ایس 27 کے کیمرا فیچرز لیک، الٹرا ماڈل میں 50 میگا پکسل سینسر متوقع
ابتدائی جائزوں کے مطابق گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کا نیا ڈیزائن روزمرہ استعمال کو زیادہ آسان بناتا ہے۔ بند حالت میں فون ایک ہاتھ سے باآسانی استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ کھولنے پر بڑی اسکرین بہتر ویونگ ایکسپیرینس فراہم کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق فون کی 5.5 انچ بیرونی اسکرین نسبتاً چھوٹی ضرور ہے جس کی وجہ سے ٹائپنگ کے دوران کچھ صارفین کو ابتدا میں دشواری محسوس ہو سکتی ہے تاہم روزمرہ کے کاموں جیسے پیغام رسانی اور ای میل چیک کرنے کے لیے اسے کافی آرام دہ قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سام سنگ نے اپنے 3 فولڈ ایبل فونز ایک ساتھ متعارف کروا دیے، قیمت اور خصوصیات کیا ہیں؟
اگرچہ سام سنگ نے نئی فلیکس ٹائٹینیم ڈسپلے ٹیکنالوجی کے ذریعے اسکرین کے درمیانی کریز کو پہلے سے کم نمایاں بنایا ہے لیکن جائزہ لینے والوں کے مطابق مخصوص روشنی میں یہ اب بھی نظر آ جاتا ہے اور اسکرول کرتے وقت اس کا احساس بھی برقرار رہتا ہے۔
بیٹری کے حوالے سے گلیکسی زیڈ فولڈ 8 میں 4,800 ایم اے ایچ بیٹری، سلکان کاربن ٹیکنالوجی اور 45 واٹ فاسٹ چارجنگ فراہم کی گئی ہے۔ ابتدائی تجربات کے مطابق فون عام استعمال میں ایک دن تک مناسب کارکردگی دکھاتا ہے تاہم بیٹری بیک اپ اب بھی روایتی فلیگ شپ اسمارٹ فونز جتنا مضبوط نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سام سنگ کی تقریب رونمائی 2026، زیڈ فولڈ 8 سمیت کئی نئی مصنوعات متوقع
کارکردگی کے لحاظ سے فون میں Snapdragon 8 Elite Gen 5 پروسیسر اور 16 جی بی تک ریم دی گئی ہے جس کے باعث گیمنگ سمیت مختلف بھاری ایپلی کیشنز بغیر کسی نمایاں رکاوٹ کے چلتی ہیں۔
کیمرے کے شعبے میں گلیکسی زیڈ فولڈ 8 میں 50 میگا پکسل مین اور 50 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرہ دیا گیا ہے تاہم اس میں 200 میگا پکسل مین کیمرہ اور ٹیلی فوٹو لینس شامل نہیں جو صرف زیادہ مہنگے گلیکسی زیڈ فولڈ 8 الٹرا میں دستیاب ہیں۔ اسی وجہ سے فوٹوگرافی کے شوقین صارفین کے لیے الٹرا ماڈل زیادہ پرکشش انتخاب ثابت ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا سام سنگ کے نئے فولڈ ایبل فون کا سب سے بڑا راز اسپائیڈر مین نے فاش کر دیا؟
ابتدائی جائزوں کے مطابق سام سنگ نے گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کو ہر شعبے میں سب سے طاقتور بنانے کے بجائے ایسے صارفین کو مدنظر رکھا ہے جو ویڈیوز دیکھنے، سوشل میڈیا استعمال کرنے، ویب براؤزنگ اور مطالعے کے لیے بڑی اسکرین چاہتے ہیں لیکن ساتھ ہی ایسا فولڈ ایبل فون بھی پسند کرتے ہیں جو بند ہونے پر عام اسمارٹ فون کی طرح آسانی سے استعمال کیا جا سکے۔














