کیا سام سنگ کے نئے فولڈ ایبل فون کا سب سے بڑا راز اسپائیڈر مین نے فاش کر دیا؟

جمعرات 16 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سام سنگ نے اپنی نئی فولڈ ایبل اسمارٹ فون سیریز کی باقاعدہ رونمائی سے قبل فلم Spider-Man: Brand New Day کی تشہیری مہم میں مبینہ طور پر Galaxy Z Fold 8 کی پہلی جھلک پیش کر دی ہے جس سے نئے ڈیزائن اور ممکنہ اپ گریڈز کے حوالے سے قیاس آرائیاں مزید تیز ہو گئی ہیں۔

Sony Pictures اور Marvel Studios کی جانب سے جاری پرومو ویڈیو کے اختتام پر دکھایا گیا جملہ ‘A brand new shape for a brand new day’ اس بات کا عندیہ دیتا ہے کہ سام سنگ اس بار پہلے سے زیادہ چوڑی اسکرین والا فولڈ ایبل فون متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سام سنگ گیلکسی کے نئے اسمارٹ فونز اور گھڑیوں کے ڈیزائن لیک، تصاویر وائرل

پرومو ویڈیو میں اسپائیڈر مین (پیٹر پارکر) جرائم پیشہ افراد سے مقابلے کے دوران اپنے فون کو شدید نقصان پہنچاتا دکھائی دیتا ہے جبکہ ویڈیو میں یہ تاثر بھی دیا گیا ہے کہ وہ سونی ڈیوائس سے سام سنگ کے گلیکسی فون پر منتقل ہو جاتا ہے۔ اگرچہ فون کو جان بوجھ کر دھندلا رکھا گیا ہے تاہم اسے ’نئی شکل‘ والا ڈیوائس قرار دیا گیا ہے جس سے Galaxy Z Fold 8 کے نئے ڈیزائن کی تصدیق سمجھی جا رہی ہے۔

اس سے قبل سام سنگ نے Galaxy Unpacked ایونٹ اور Spider-Man: Brand New Day سے متعلق ایک تشہیری تصویر بھی جاری کی تھی، جس میں نسبتاً چوڑا اور باریک ڈیزائن، دو رئیر کیمروں کا سیٹ اپ اور اوپری حصے کے قریب پاور بٹن نمایاں تھے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی فون کو ٹکر دینے کی تیاری، سام سنگ گلیکسی ایس 27 میں زبردست فیچر متعارف

رپورٹس کے مطابق سام سنگ رواں سال تین نئے فولڈ ایبل اسمارٹ فونز متعارف کرا سکتا ہے، جن میں Galaxy Z Fold 8 Wide، Galaxy Z Fold 8 Ultra اور Galaxy Z Flip 8 شامل ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ Galaxy Z Fold 8 Wide میں پاسپورٹ طرز کا چوڑا ڈیزائن دیا جائے گا، جس سے بند حالت میں بیرونی اسکرین روایتی اسمارٹ فون جیسا تجربہ فراہم کرے گی، جبکہ کھولنے پر بڑی ٹیبلیٹ نما اسکرین دستیاب ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سام سنگ نے نئے فولڈ ایبل فون کی جھلک دکھا دی، ڈیزائن میں بڑی تبدیلی

توقع ہے کہ سام سنگ اپنے ان تینوں فولڈ ایبل فونز کی رونمائی 22 جولائی کو لندن میں منعقد ہونے والے Galaxy Unpacked ایونٹ میں کرے گا۔ اسی تقریب میں Galaxy Watch 9، Galaxy Watch Ultra 2 اور گوگل کے Android XR پلیٹ فارم پر مبنی کمپنی کے پہلے اسمارٹ چشموں Galaxy Glasses سے بھی پردہ اٹھائے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب Spider-Man: Brand New Day 31 جولائی 2026 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوگی جس میں ٹام ہالینڈ ایک بار پھر اسپائیڈر مین کے کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp