پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلیجنس بنیادوں پر مشترکہ کارروائیوں کے دوران 32 دہشتگرد ہلاک کر دیے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری آپریشنز کے تسلسل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔
مزید پڑھیں:ڈی جی آئی ایس پی آر کی یونیورسٹی آف گوادر میں اساتذہ اور طلبا کے ساتھ خصوصی نشست
بیان کے مطابق 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب ضلع خیبر میں متعدد انٹیلیجنس بنیادوں پر علاقے کی کلیئرنس اور ٹارگٹڈ آپریشن کیے گئے، جن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مختلف دہشتگرد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔
اسی دوران بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلیجنس بنیادوں پر متعدد کارروائیاں کی گئیں، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرکے تباہ کر دیا گیا۔
علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔
خیبر اور نوشکی میں 32 دہشت گرد ہلاک، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی: وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر اور بلوچستان کے ضلع نوشکی میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ضلع خیبر میں 24 فتنہ الخوارج اور ضلع نوشکی میں 8 فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکار وطنِ عزیز کے امن کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطنِ عزیز کے دفاع اور امن و استحکام کے لیے پوری قوم ان سمیت افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
مزید پڑھیں: ڈی جی آئی ایس پی آر کی زبان محتاط تھی، مجھے اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی آزادی ہے، خواجہ آصف
صدر زرداری کا خیبر اور نوشکی آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب انٹیلیجنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 32 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور مؤثر کارروائیوں کو سراہا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت کی پشت پناہی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع کے لیے ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے بھارتی پراکسی گروہوں کے خلاف جاری کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور خودمختاری کے خلاف ہر سازش کو قومی اتحاد اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔














