کراچی میں کاروبار کرنا کیا اب صرف معاشی چیلنج رہ گیا ہے یا جان کا خطرہ بھی بن چکا ہے؟ یہ سوال ایک بار پھر شدت سے اٹھ کھڑا ہوا ہے، جب شہر کے معروف ڈیزرٹ برانڈ ’ وافلکس ‘کے 25 سالہ بانی میر رضا علی کی مبینہ اغوا کے بعد تشدد زدہ لاش گلستانِ جوہر سے برآمد ہوئی۔
ایک نوجوان جس کے ہاتھوں میں مستقبل کے خواب تھے، جو اپنی محنت سے کاروبار کھڑا کر رہا تھا، جس کی شادی صرف ایک ماہ بعد ہونے والی تھی، وہ اچانک لاپتا ہوتا ہے اور 2 روز بعد جھاڑیوں سے اس کی لاش ملتی ہے۔
اس واقعے نے نہ صرف اس کے خاندان بلکہ کراچی کے کاروباری طبقے اور نوجوانوں کو بھی خوف اور بے یقینی میں مبتلا کر دیا ہے۔
وہ رات جب میر رضا علی گھر سے نکلے، مگر واپس نہ آئے
اہل خانہ کے مطابق میر رضا علی معمول کے مطابق اپنی دکان سے واپس گھر آئے تھے۔ صبح تقریباً 4 بجے انہوں نے والدہ سے کہا کہ وہ صرف دس منٹ کے لیے باہر جا رہے ہیں، لیکن اس کے بعد وہ کبھی واپس نہ لوٹے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی: میاں بیوی قتل کیس میں نیا موڑ، مقتول کے والد کے بیان سے تفتیش کا رخ تبدیل
گھر والوں نے بار بار فون کیا، مگر موبائل بند تھا۔ واٹس ایپ بھی غیر فعال ہو گیا۔ اہل خانہ نے خود تلاش شروع کی، مددگار 15 سے رابطہ کیا اور بعد ازاں فیروزآباد تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کرا دیا۔
2 دن تک امید قائم رہی، لیکن پھر گلستانِ جوہر بلاک ون میں شادی قلعہ کے قریب جھاڑیوں سے ملنے والی ایک لاش نے تمام امیدیں ختم کر دیں۔
شناخت کپڑوں سے ہوئی، جسم پر تشدد کے نشانات
پولیس کے مطابق لاش ایک سے 2 روز پرانی تھی۔ جسم کے مختلف حصوں پر جلنے اور تشدد کے نشانات موجود تھے جبکہ گولی لگنے کے شواہد بھی ملے۔ چہرہ بری طرح متاثر ہونے کے باعث شناخت آسان نہ تھی، جس کے بعد مقتول کے والد نے کپڑوں کے ذریعے اپنے بیٹے کی شناخت کی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے، تاہم ابتدائی تفتیش سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ قتل سے پہلے میر رضا علی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
تحقیقات میں نیا موڑ، پولیس کو قریبی شخص پر شبہ
تحقیقات کے دوران پولیس نے میر رضا علی کے کچن اور کاروباری مقام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ حکام کے مطابق حیران کن طور پر قتل والے دن وہ اپنی کچن تک پہنچے ہی نہیں، جبکہ وافل بنانے والی تمام مشینیں اور سامان اپنی جگہ موجود تھا۔
تفتیشی ٹیم نے ملازمین کے بیانات قلم بند کرنا شروع کر دیے ہیں۔ ایک آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کی نشاندہی پر ایک گیسٹ ہاؤس کی بھی تلاشی لی گئی، تاہم ابتدائی شواہد سے معلوم ہوا کہ مقتول وہاں نہیں گیا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک سامنے آنے والے شواہد اس امکان کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ واردات میں مقتول کا کوئی قریبی جاننے والا شخص ملوث ہو سکتا ہے۔
تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ حتمی نتیجہ صرف مکمل تحقیقات اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ہی اخذ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:کراچی میں ماں نے اپنے 2 بچوں کو قتل کردیا، وجہ کیا بنی؟
تحقیقات میں موبائل فون ڈیٹا، لوکیشن ریکارڈ، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کو مرکزی اہمیت دی جا رہی ہے تاکہ اندھے قتل کی گتھی جلد سلجھائی جا سکے۔
30 اگست کو شادی تھی…….باپ کے الفاظ نے ہر آنکھ نم کر دی
میر رضا علی کے والد میر حسین علی کی گفتگو نے اس واقعے کو محض ایک کرائم اسٹوری نہیں رہنے دیا بلکہ اسے ایک باپ کے ٹوٹے ہوئے خوابوں کی داستان بنا دیا۔
ان کے مطابق میر رضا علی ان کا اکلوتا بیٹا تھا اور 30 اگست کو اس کی شادی طے تھی۔ یہ پسند کی شادی تھی اور گھر میں خوشیوں کی تیاریاں جاری تھیں۔
’میرا بیٹا بہت خوش تھا، نکاح کی تاریخ طے ہو چکی تھی۔ مجھے کبھی نہیں لگا تھا کہ شادی کی تیاریوں کے بجائے میں اس کا جنازہ اٹھاؤں گا۔‘
میر حسین علی کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔ وہ تعلیم یافتہ، محنتی اور اپنے کاروبار میں مگن رہنے والا نوجوان تھا۔
دوستوں کے ممکنہ کردار سے متعلق سوال پر بھی انہوں نے انتہائی محتاط انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بغیر ثبوت کسی پر الزام نہیں لگا سکتے۔
فاروق ستار کا ردعمل
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر رضا علی کا قتل انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ شفاف تحقیقات کرکے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور کراچی میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
سوشل میڈیا پر غم، غصہ اور سوالات
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ہزاروں صارفین نے میر رضا علی کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔ کئی نوجوان کاروباری افراد نے لکھا کہ اگر ایک محنتی تاجر بھی خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتا تو یہ پورے کاروباری ماحول کے لیے تشویش کی بات ہے۔
یہ بھی پڑھیں:فاطمہ قتل کیس میں نامزد مرکزی ملزم اسد شاہ کا ڈرائیور کراچی سے گرفتار
بہت سے صارفین نے کراچی میں اغوا، اسٹریٹ کرائم اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بھی سوالات اٹھائے اور مطالبہ کیا کہ اس کیس کو مثال بنا کر منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔
تحقیقات جاری، سوال اب بھی برقرار
پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج، موبائل ریکارڈ، ڈیجیٹل ڈیٹا اور گواہوں کے بیانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تفتیش کاروں کو امید ہے کہ جلد اہم پیش رفت سامنے آئے گی۔
لیکن ایک سوال آج بھی کراچی کے ہر نوجوان، ہر کاروباری شخص اور ہر والدین کے ذہن میں گردش کر رہا ہے۔
آخر میر رضا علی کا قصور کیا تھا؟
ایک ایسا نوجوان جس نے اپنی محنت سے کاروبار بنایا، مستقبل کے خواب سجائے، شادی کی تیاریاں کیں، وہ چند گھنٹوں میں لاپتا کیسے ہو گیا؟ اور اگر واقعی قاتل اس کے قریبی حلقے سے تھا، تو یہ صرف ایک قتل نہیں بلکہ اعتماد، دوستی اور انسانیت کے رشتے پر بھی کاری ضرب ہے۔
اب نظریں صرف اس بات پر ہیں کہ کیا تفتیش اس اندھے قتل کا راز بے نقاب کر پائے گی، یا یہ بھی کراچی کی ان فائلوں میں شامل ہو جائے گا جن کے سوال وقت کے ساتھ دھندلا جاتے ہیں۔














