سورینج کوئلہ کان حادثہ: بلوچستان حکومت کا جاں بحق مزدوروں کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے مالی معاونت کا اعلان

جمعرات 30 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز میر شعیب نوشیروانی نے اعلان کیا ہے کہ سورینج میں کوئلہ کان کے حادثے میں جاں بحق کان کنوں کے لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 3 لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان سورینج کی کوئلہ کان میں گیس دھماکا، 11 ہلاکتوں کی تصدیق، دیگر کو بچانے کی کوششیں جاری

انہوں نے بتایا کہ سورینج میں کوئلہ کان کے افسوسناک حادثے میں اب تک 11 کان کنوں کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں انتہائی دشوار حالات کے باوجود آپریشن مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کان میں پھنسے دیگر مزدوروں تک رسائی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

میر شعیب نوشیروانی نے بتایا کہ حکومت بلوچستان ریسکیو آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کر رہی ہے، امدادی سرگرمیوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ افسوسناک حادثے میں جاں بحق کان کنوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

مزید پڑھیے: بلوچستان: کوئلہ کانیں محنت کشوں کے لیے قبریں کیوں ثابت ہو رہی ہیں؟

صوبائی وزیر نے کہا کہ کان کنی کے شعبے میں حفاظتی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ ایسے سانحات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp