خاتون کا بھیس، بہن کا شناختی کارڈ، 8 سال سے مفرور مجرم ترکیہ میں گرفتار

بدھ 16 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ میں پولیس نے 8 سال سے مفرور ایک مجرم کو گرفتار کرلیا جو گرفتاری سے بچنے کے لیے خاتون کا بھیس بدل کر رہ رہا تھا اور اپنی بہن کا شناختی کارڈ استعمال کرتا تھا۔

ترکیہ کے مقامی میڈیا کے مطابق طغرل باشار کو 2010 میں سامسون میں اختیار کے بغیر سرکاری عہدیدار کا روپ دھار کر چوری کرنے کے جرم میں 7 سال 11 ماہ قید کی حتمی سزا سنائی گئی تھی اور وہ 28 فروری 2018 سے پولیس کو مطلوب تھا۔

رپورٹ کے مطابق استنبول پولیس کے شعبہ انسداد جرائم کے مفرور افراد کے بیورو نے طغرل باشار کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کی اور اس کی موجودگی ضلع کادیکوئی میں معلوم کی۔

پولیس تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ طغرل باشار شناخت چھپانے کے لیے مسلسل خاتون کا بھیس اختیار کیے ہوئے تھا جبکہ اس کے پاس اس کی بہن کا شناختی کارڈ بھی موجود تھا۔ پولیس کے مطابق وہ اسی طریقے سے کئی برس تک گرفتاری سے بچنے میں کامیاب رہا۔

یہ بھی پڑھیں:کینیڈا میں گوردوارے پر حملہ، مذہبی پیشوا سمیت 2 افراد زخمی، ملزم گرفتار

پولیس نے نگرانی کے بعد کادیکوئی میں کارروائی کرتے ہوئے طغرل باشار کو گرفتار کرلیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے بہن کا شناختی کارڈ برآمد ہوا۔

پولیس نے مفرور مجرم کے خلاف پہلے سے موجود سزا کے علاوہ کسی دوسرے شخص کی شناختی معلومات استعمال کرنے کے الزام میں بھی قانونی کارروائی شروع کردی اور اسے مزید کارروائی کے لیے کادیکوئی اسکیل پولیس مرکز منتقل کردیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp