وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی یعنی واسا کے دائرۂ کار کو ضلعی سطح سے بڑھا کر تحصیل سطح تک توسیع دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے کی 99 تحصیلوں میں بھی واسا کی سروسز فراہم کی جائیں گی۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق شہری علاقوں میں کامیاب فلڈ مینجمنٹ کے تجربے کے بعد حکومت نے دیہی علاقوں کو بھی واسا کی جدید خدمات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نکاسیٔ آب کا نظام مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: واسا پنجاب سیوریج فلیٹ فیز ون کا افتتاح، 15 اضلاع کو مطلوبہ گاڑیاں اور مشینری کی فراہمی
ترجمان کے مطابق سیکریٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں واسا کی توسیع کے نئے مرحلے کا فوری آغاز کیا جائے اور تمام تحصیلوں تک اس نظام کی فراہمی کے لیے ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں۔
🚜 وزیراعلیٰ @MaryamNSharif کا پنجاب کی عوام کے لیے ایک اور اہم اقدام!
🌧️ واسا کی جدید مشینری، ڈی واٹرنگ پمپس، جیٹنگ مشینیں اور واٹر ٹینکرز مون سون کے دوران فوری نکاسیِ آب اور شہری سہولتوں کو یقینی بنائیں گے۔ ✅#Punjab #Monsoon #WASA pic.twitter.com/Xo187YrTwb
— Muhammad saqib (❣️گوجرانوالہ) (@SaqibMehar9051) June 17, 2026
حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت واسا ایجنسیوں کا نیٹ ورک تحصیل سطح تک وسیع کیا جائے گا، جبکہ ڈی سلٹنگ مہمات، جدید سیوریج پلاننگ اور نکاسیٔ آب کے نئے نظام بھی متعارف کرائے جائیں گے، جس سے دیہی آبادیوں کو جدید شہری سہولیات میسر آئیں گی اور بارشوں کے دوران نکاسی آب کا نظام مزید مؤثر ہو سکے گا۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں جدید سیوریج نظام کی اپ گریڈیشن، 15 اضلاع کے لیے 272 نئی مشینیں
ترجمان کے مطابق عوامی آگاہی کے لیے خصوصی مہمات بھی چلائی جائیں گی، جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے ذریعے بھی شہریوں تک صفائی، نکاسیٔ آب اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی پیغامات پہنچائے جائیں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ واسا سروسز کی توسیع سے دیہی علاقوں میں نکاسیٔ آب اور شہری سہولیات کی فراہمی بہتر ہوگی۔ اس منصوبے کی سمری منظوری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔














