اگر آپ سے پوچھا جائے کہ آپ کن چیزوں کے بغیر زندگی گزار سکتے ہیں تو شاید جواب دینا آسان نہ ہو لیکن شمالی یورپ کے نارڈک ممالک میں یہی سوال ایک منفرد طرز زندگی کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چین کا ’اسکائی آئی‘ سائنسی منصوبہ، دور افتادہ گاؤں سیاحت اور ترقی کا نیا مرکز بن گیا
نارڈک ممالک سے مراد شمالی یورپ کے 5 ممالک ناروے، سویڈن، ِفن لینڈ، ڈنمارک اور آئس لینڈ ہیں۔ یہ ممالک بلند معیار زندگی، قدرتی حسن، ماحول دوست پالیسیوں، سماجی بہبود کے مضبوط نظام اور فطرت سے گہرے تعلق کے باعث دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔
ان ممالک میں موسم گرما نسبتاً مختصر ہوتا ہے اسی لیے لوگ اس دوران شہروں کی مصروف زندگی سے نکل کر جنگلات، جھیلوں، پہاڑوں یا سمندر کے کنارے واقع اپنے سمر کیبنز کا رخ کرتے ہیں۔ کئی خاندان نسلوں سے اس روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں جبکہ آج کل دنیا بھر سے آنے والے سیاح بھی نارڈک ممالک کے ان پرسکون کیبنز میں قیام کو ایک منفرد سفری تجربہ سمجھتے ہیں۔
بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق ناروے، سویڈن، فن لینڈ، ڈنمارک اور آئس لینڈ میں موسم گرما کا مطلب اکثر بیرون ملک سفر نہیں بلکہ شہروں سے دور قدرتی ماحول میں واقع لکڑی کے چھوٹے گھروں یعنی سمر کیبن میں وقت گزارنا ہوتا ہے۔ یہاں لوگ چند دن یا کئی ہفتے فطرت کے درمیان رہ کر روزمرہ کی مصروف زندگی سے وقفہ لیتے ہیں۔
یہ سمر کیبن خریدے بھی جاتے ہیں، خاندانی وراثت میں بھی ملتے ہیں اور کرائے پر بھی دستیاب ہوتے ہیں۔ ابتدا میں یہ انتہائی سادہ ہوتے تھے جہاں نہ بجلی ہوتی تھی، نہ پانی کی مستقل سہولت اور نہ ہی جدید آسائشیں۔ مقصد صرف فطرت کے قریب رہنا اور سادہ زندگی اختیار کرنا تھا۔
مزید پڑھیے: اسلام آباد مذاکرات: پاکستان میں غیر ملکی سیاحت کا گراف بلند
آج اگرچہ ان میں سے بہت سے کیبن جدید سہولتوں سے آراستہ ہو چکے ہیں تاہم ان کی اصل روح اب بھی برقرار ہے۔ ماحولیاتی تحفظ، کم خرچ زندگی، غیر ضروری اشیا سے دوری اور ڈیجیٹل دنیا سے وقتی فاصلہ ان گھروں کی نمایاں خصوصیات سمجھی جاتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق پورے نارڈک خطے میں ایسے سمر ہاؤسز اور کیبنز کی تعداد تقریباً 18 لاکھ ہے۔ یہ مقامات ناروے کے تصور ’فریلوفٹس لیو’ کی عملی مثال ہیں جس کا مطلب ہے کھلی فضا اور قدرتی ماحول میں زندگی گزارنا۔
قدرت کے ساتھ ہم آہنگی
ناروے کی معروف معمار وینچے سیلمر نے 20ویں صدی کے وسط میں ایسے بے شمار کیبن ڈیزائن کیے۔ ان کا خیال تھا کہ ایک اچھا گھر وہ ہے جہاں انسان صرف ضروری چیزوں کے ساتھ خوش رہنا سیکھے۔ وہ اپنے گاہکوں سے اکثر پوچھتی تھیں کہ آپ کن چیزوں کے بغیر زندگی گزار سکتے ہیں؟
سیلمر کے سنہ 1960 اور سنہ 1970 کی دہائیوں کے ڈیزائن کردہ کیبن آج بھی اپنی سادگی کے باعث مقبول ہیں۔ ان میں بجلی یا پانی جیسی سہولتیں نہیں ہوتیں بلکہ سورج کی روشنی، لکڑی، قدرتی ہوا اور اردگرد کے ماحول سے ہم آہنگی کو اہمیت دی جاتی ہے۔
جدید انداز لیکن ماحول دوست
نارڈک ممالک کے نئے سمر کیبن صرف خوبصورت ہی نہیں بلکہ ماحول دوست بھی ہیں۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں سیاحت کا فروغ: کوٹلی ستیاں کے دلچسپ مقام چیوڑہ بیس پر جدید اور ماحول دوست ریزورٹ قائم
سویڈن میں معمار لیو کوارسے بو نے اپنے بچوں کے لیے ایک منفرد سمر ہاؤس تعمیر کیا جس کی ڈھلوان نما دیوار بچوں کے لیے چڑھائی کی دیوار بھی بن جاتی ہے۔ اس کی تعمیر میں استعمال ہونے والی برچ پلائی ووڈ ایک بند ہو چکی پزل فیکٹری سے حاصل کی گئی جبکہ دروازے اور کھڑکیاں بھی استعمال شدہ تھیں۔
اسی طرح ناروے کے ایک جزیرے پر فنکاروں کے لیے بنایا گیا ایک چھوٹا گھر لکڑی کی جالی دار دیواروں سے گھرا ہوا ہے جس کے ذریعے اندر نرم قدرتی روشنی آتی ہے اور رہائشی خود کو فطرت کا حصہ محسوس کرتے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ اس کی لکڑی سرمئی رنگ اختیار کر لیتی ہے جس سے عمارت اردگرد کے ماحول میں گھل مل جاتی ہے۔
سمندر، جنگل اور پہاڑوں کے درمیان رہائش
سویڈن کے ساحلی علاقے بوہوس لین میں ایک سمر ہاؤس چٹان کے اوپر اس انداز سے تعمیر کیا گیا ہے کہ زمین کو نقصان نہ پہنچے۔ اس کی بڑی شیشے کی دیواریں رہائشیوں کو ہر وقت باہر کے مناظر سے جوڑے رکھتی ہیں۔
ڈنمارک میں سنہ 1967 میں تعمیر ہونے والے ایک تاریخی سمر ہاؤس کو جدید انداز میں بحال کیا گیا تاہم اس کی روایتی شناخت برقرار رکھی گئی۔
فن لینڈ کی جھیل سائما کے کنارے واقع کیبن کے بھی جدید اور روایتی تعمیر کا خوبصورت امتزاج ہے۔ یہ لکڑی کے مضبوط شہتیروں سے بنایا گیا ہے اور اردگرد کے جنگلات میں اس طرح گھل مل جاتا ہے کہ دور سے قدرتی منظر کا حصہ محسوس ہوتا ہے۔
خاندانوں کو قریب لانے والی روایت
نارڈک ممالک میں سمر کیبن صرف آرام کی جگہ نہیں بلکہ خاندانی تعلقات کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بھی سمجھے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سال 2026 میں پاکستان کی معاشی، سیاحتی اور ساحلی صنعت کے لیے اہم مواقع کون سے ہیں؟
کئی خاندان نسلوں سے ایک ہی سمر ہاؤس میں گرمیوں کی چھٹیاں گزارتے آ رہے ہیں جہاں بچے، والدین اور دادا دادی ایک ساتھ وقت گزارتے ہیں۔ بعض گھروں کو اس انداز میں ازسرِ نو ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ ایک ہی وقت میں کئی نسلیں آرام سے رہ سکیں۔
سیاحوں کے لیے بھی کشش
یہ کیبن اب صرف مقامی افراد تک محدود نہیں رہے بلکہ دنیا بھر سے آنے والے سیاح بھی ان میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ناروے کے شمالی علاقے مانہاؤسن میں سمندر کے کنارے تعمیر کیے گئے چھوٹے کیبنز مچھلی پکڑنے، کشتی رانی، پہاڑوں کی سیر اور شمالی قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے مشہور ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں جب اسمارٹ فون، سوشل میڈیا اور مصروف زندگی انسان پر ذہنی دباؤ بڑھا رہے ہیں، ایسے سادہ اور قدرت کے قریب مقامات لوگوں کو ذہنی سکون، بہتر صحت اور حقیقی آرام فراہم کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سینٹ مارٹن جزیرہ کا ماحولیاتی تحفظ، بنگلہ دیش کا سیاحت محدود کرنے کا فیصلہ
اسی لیے نارڈک ممالک کا یہ تصور اب دنیا کے دیگر حصوں، خصوصاً ایسے ممالک میں بھی توجہ حاصل کر رہا ہے جہاں شہری زندگی تیزی سے مصروف اور شور و غل کا شکار ہو رہی ہے۔ فطرت کے درمیان چند دن گزارنا نہ صرف ذہنی تازگی کا باعث بنتا ہے بلکہ انسان کو یہ احساس بھی دلاتا ہے کہ خوش رہنے کے لیے ہمیشہ زیادہ چیزوں کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ کبھی کبھی کم چیزوں کے ساتھ بھی بہترین زندگی گزاری جا سکتی ہے۔














