27 سرکاری اداروں کی نجکاری پر پیش رفت، وزیراعظم نے اہداف بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کر دی

پیر 3 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ حکومت کے نجکاری پروگرام کے تمام مراحل مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور اس سلسلے میں متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی تعاون سے اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں۔

وزیراعظم ہاؤس میں سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری پروگرام کے تمام اہداف اور مقررہ مدت پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: 3 بجلی تقسیم کار کمپنیاں نجکاری کے قریب، نجکاری بورڈ نے تنظیم نو کی منظوری دے دی

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، جام کمال خان، احد خان چیمہ، سردار اویس خان لغاری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی نجکاری کا طریقہ کار اس انداز سے تیار کیا جائے کہ بینک کا بنیادی کردار، یعنی زرعی شعبے کی مالی معاونت، متاثر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ نجکاری کے بعد بھی یہ یقینی بنایا جائے کہ زرعی ترقیاتی بینک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو زرعی قرضوں اور مالی وسائل کی فراہمی جاری رکھے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کی مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانا فی ایکڑ زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ زرعی ترقی پاکستان کی معیشت اور غذائی تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت کے نجکاری پروگرام میں مجموعی طور پر 27 سرکاری ادارے شامل ہیں اور اس پروگرام پر 3 مراحل میں عمل کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کے مالی معاملات مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی نجکاری کے بعد انتظامی کنٹرول 29 جون کو منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایچ بی ایف سی کی نجکاری کے دوسرے مرحلے کی منظوری، نجکاری کمیشن کو گرین سگنل

اجلاس میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ ان کمپنیوں میں سرمایہ کاری کے لیے اظہارِ دلچسپی کی درخواستیں طلب کی جا چکی ہیں، جن کی آخری تاریخ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے لیے 7 اگست، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کے لیے 21 اگست اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے لیے 7 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ متعدد بین الاقوامی کمپنیوں نے ان بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کے لیے مختلف تعارفی پروگرام بھی جاری ہیں۔

حکام کے مطابق یہ 3 تقسیم کار کمپنیاں پنجاب، اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں 1 کروڑ 40 لاکھ سے زائد صارفین کو بجلی فراہم کرتی ہیں۔ سرمایہ کاروں کو ان کمپنیوں میں 51 فیصد سے 100 فیصد تک حصص اور انتظامی کنٹرول حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

اجلاس میں زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ اس کے لیے ایسا طریقہ کار تیار کیا جا رہا ہے جس سے زرعی قرضوں کی فراہمی کا بنیادی مقصد برقرار رہے۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی کی 3 تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری رواں برس، سرمایہ کاروں کو 18 سے 20 فیصد منافع کی پیشکش

وزیراعظم نے اسلام آباد، کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی مجوزہ نجکاری پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ نجکاری کے تمام جاری معاملات کی مسلسل نگرانی کی جائے اور انہیں طے شدہ مدت کے مطابق مکمل کیا جائے۔

ایک الگ اجلاس میں وزیراعظم نے نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جلد از جلد پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کا لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ نجی سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کے ذریعے معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی جیسے شعبے پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، جبکہ نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے متبادل مالی وسائل کی دستیابی انتہائی ضروری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

2029 تک پنجاب کو جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ اے آئی فعال صوبہ بنانے کا ہدف

بیلجیم، گھر کی مرمت کے دوران دیوار سے 2 ارب 89 کروڑ کا سونا نکل آیا، اصل وارث کون؟، نئی بحث شروع

ایئر انڈیا پائلٹ کا بھنگ ٹیسٹ مثبت، کیا یہی طیارے کے اچانک نیچے آنے کی وجہ تھی؟

ایٹمی پلانٹ بچانے کی انوکھی تدبیر، ہنگری کا ندی میں 2 بڑے بحری جہاز ڈبونے کا فیصلہ

طالبان قیادت کے بیانات پر پاکستان کا مؤقف، افغانستان میں دہشتگردی اور حکومتی طرزِ عمل پر سوالات

ویڈیو

ایٹمی پلانٹ بچانے کی انوکھی تدبیر، ہنگری کا ندی میں 2 بڑے بحری جہاز ڈبونے کا فیصلہ

پاک سعودی فضائی رابطوں میں نیا اضافہ، ریاض ایئر کی پہلی پرواز کی اسلام آباد لینڈنگ، واٹر سیلوٹ پیش

پاکستان کے آزادی کے دن کی تقریبات، سویٹ ہوم کے بچے فوجی یونیفارم میں بنے توجہ کا مرکز !

کالم / تجزیہ

چربیلی آگ پر چل کر سچائی ثابت کرنا

مایوس ہونے سے پہلے یہ حساب کتاب بھی کر لیں

سن 47، 1200 پاکستانی اور ایک چابی