صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں دہشتگردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس کے کردار کو سراہتے ہوئے شہدا اور ان کے اہلِخانہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پولیس جرائم، دہشتگردی اور پُرتشدد انتہا پسندی کے خلاف صفِ اول کا کردار ادا کر رہی ہے۔ وطنِ عزیز کے امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے بہادر افسران اور جوان پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
مزید پڑھیں:سرینگر میں 13 جولائی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے پر پابندیاں سخت، مزارِ شہداء سیل
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی بے مثال جرأت، غیر متزلزل وابستگی اور قومی خدمت کے لیے دی گئی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ صدر مملکت نے بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں خدمات انجام دینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی غیر معمولی بہادری کو سراہا۔
صدر نے شہدا کے اہلِخانہ کے صبر، استقامت اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان خاندانوں کی فلاح و بہبود اور سماجی و معاشی معاونت پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک میں دہشتگردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پولیس کے شہدا کی ناقابلِ فراموش قربانیوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور ملک میں امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
مزید پڑھیں:دفاعِ پاکستان میں پیش پیش رہنے والے مسیحی جانثار
انہوں نے شہدا کے اہلِخانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ قانون کی بالادستی، انصاف کے تحفظ، دہشت گردی اور جرائم کے مکمل خاتمے اور شہدا کی قربانیوں کے شایانِ شان ایک پرامن، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔














