پاکستان ہائی کمیشن لندن نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم کے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور قونصلر خدمات کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے وژن کے تحت پنجاب میں جائیداد کی براہِ راست ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت اب ہائی کمیشن میں بھی دستیاب ہے۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اس جدید نظام کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو جائیداد کی منتقلی کے لیے پاور آف اٹارنی، کسی تیسرے فریق یا ایجنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
بیان کے مطابق جائیداد کی منتقلی کا پورا عمل براہِ راست ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے، جس سے طریقہ کار نہ صرف شفاف اور محفوظ بنتا ہے بلکہ تیز رفتار اور کم خرچ بھی ثابت ہوتا ہے۔
Digital Property Transfer for Punjab now available at Pakistan High Commission, London
In line with the Prime Minister’s vision to facilitate overseas Pakistanis in extending consular services, we are pleased to announce that digital property transfers for #Punjab are now… pic.twitter.com/aioUJwJGxq
— Pakistan High Commission London (@PakistaninUK) August 3, 2026
ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ اس سہولت سے اوورسیز پاکستانیوں کو صرف جائیداد کی منتقلی کے لیے پاکستان کا سفر بھی نہیں کرنا پڑے گا، جس سے ان کے وقت اور اخراجات دونوں میں نمایاں بچت ہوگی۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن نے بتایا کہ اس نئی سہولت کے تحت مسٹر فضل اور ان کے اہلِ خانہ کی جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، جو اس نظام کی مؤثر کارکردگی کا عملی مظہر ہے۔
ہائی کمیشن نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کی جائیداد کی براہِ راست اور ڈیجیٹل منتقلی کے عمل میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔













