بلاول بھٹو کو دل بڑا کرنا چاہیے، لیڈر شکست پر روتے ہوئے اچھے نہیں لگتے: طلال چوہدری

منگل 4 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کو اب اپنا دل بڑا کرنا چاہیے، کیونکہ لیڈر شکست پر روتے ہوئے اچھے نہیں لگتے۔ کشمیریوں نے کارکردگی کو ووٹ دیا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ اور پونچھ ڈویژن کے انتخابی کوآرڈینیٹر طلال چوہدری کی زیرِ صدارت پونچھ ڈویژن کا ایک اہم انتخابی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے تیسرے مرحلے کے حوالے سے پارٹی کی انتخابی مہم، تنظیمی امور اور پولنگ ڈے کی حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے ’اف ہم تو ڈر گئے‘، بلاول کی جانب سے حکومت کو الٹی میٹم دینے پر عظمیٰ بخاری کا طنز

اجلاس میں پونچھ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ضلعی کوآرڈینیٹرز، حلقہ کوآرڈینیٹرز اور مسلم لیگ (ن) کے تمام نامزد امیدواروں نے شرکت کی اور اپنے اپنے حلقوں میں انتخابی تیاریوں اور عوامی رابطوں سے متعلق رپورٹس پیش کیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پہلے دو مراحل میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی دراصل وفاقی اور پنجاب حکومت کی بہترین کارکردگی پر کشمیری عوام کے بھرپور اعتماد کی مہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے سیاسی نعرے بازی کے بجائے سچائی، کام اور عملی کارکردگی کو ووٹ دیا ہے، اور آج پاکستان کا ہر علاقہ پنجاب جیسی ترقی اور انتظامی مثال بننا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ن لیگ کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو اب اپنا دل بڑا کرنا چاہیے، کیونکہ لیڈر شکست پر روتے ہوئے اچھے نہیں لگتے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آزاد کشمیر کے تیسرے مرحلے میں بھی مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp