5 اگست 2019 دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، کشمیر پر بھارت کے یکطرفہ اقدامات کبھی تسلیم نہیں کریں گے، امیر مقام

منگل 4 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد: وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جب بھارت نے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دیا جائے اور عالمی برادری اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی تاکہ دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہی مسئلہ کشمیر کا واحد پائیدار حل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ کے عوام محب وطن ہیں، آئیں مذاکرات سے مسئلہ حل کریں، امیر مقام

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے اپنے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو یکطرفہ طور پر ختم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان آئینی دفعات کے تحت غیر کشمیری افراد کو وہاں مستقل رہائش اختیار کرنے یا جائیداد خریدنے کی اجازت نہیں تھی، تاہم بھارت نے انہیں ختم کرکے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی راہ ہموار کی۔

امیر مقام نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل معمول بن چکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت بیرونِ ریاست سے لوگوں کو لا کر مقبوضہ کشمیر میں آباد کر رہا ہے تاکہ کشمیری اپنے ہی وطن میں اقلیت بن جائیں، تاہم بھارتی اقدامات کے باوجود کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی کو دبایا نہیں جا سکا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ معرکۂ حق کے بعد مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر نمایاں ہوا ہے اور پاکستان ہر محاذ پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایکشن کمیٹی نے الیکشن فارم سے ریاست پاکستان سے وفاداری کی شق نکالنے کا مطالبہ کیا، وزیر امور کشمیر امیر مقام

وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام، پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کے عزم کے سامنے کوئی طاقت نہیں ٹھہر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اسلام آباد سمیت ملک بھر میں ریلیوں، واکس اور مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں طلبہ، وکلا، تاجروں، مزدوروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ امیر مقام نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مشترکہ قومی مسئلہ ہے، جس پر تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر آواز بلند کرنی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp