آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھی گڈز ٹرانسپورٹرز کے اعلان کے بعد 8 اگست سے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا۔ تنظیم کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسیوں اور بڑھتے ہوئے مالی بوجھ نے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جس کے باعث کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہاکہ ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل ٹرانسپورٹرز کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔
مزید پڑھیں: مظفرآباد: تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کا 29 جون سے کاروبار اور ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا اعلان
انہوں نے کہاکہ کرایوں اور اخراجات کا تعین روزانہ بدلتی قیمتوں کے باعث ممکن نہیں، اس لیے حکومت اس پالیسی پر نظرثانی کرے۔
ٹول اور ود ہولڈنگ ٹیکس میں کمی کا مطالبہ
ٹرانسپورٹرز نے کہاکہ ٹول ٹیکس میں 250 روپے سے بڑھا کر 750 روپے تک اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ ود ہولڈنگ ٹیکس بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیاکہ ود ہولڈنگ ٹیکس کو موجودہ 7 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد کیا جائے اور ٹول ٹیکس کو 2024 کی سطح پر واپس لایا جائے۔
غیر کسٹم شدہ سامان پر گاڑی ضبط کرنے کے قانون پر اعتراض
پریس کانفرنس کے دوران عہدیداران نے کہاکہ موجودہ قوانین کے تحت اگر گاڑی میں ایک بھی غیر کسٹم شدہ کارٹن موجود ہو تو پوری گاڑی ضبط کرنے کی بات کی جاتی ہے، جو مناسب نہیں۔
انہوں نے کہاکہ ماضی کی طرح ایسے معاملات میں صرف 20 فیصد جرمانہ عائد کر کے گاڑی چھوڑ دی جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایکسل لوڈ کے قوانین کو آمدنی کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز کے لیے کاروبار کرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو 8 اگست سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔
گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی موٹروے پولیس حکام سے ملاقات
دوسری جانب آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے وفد کے ہمراہ ایڈیشنل آئی جی موٹروے جاوید اکبر ریاض سے ملاقات کی۔ وفد میں ملک شبر خان، چوہدری قمر زمان گل، بختاور خان، محمد پناہ اور محمد رؤف بھی شامل تھے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہاکہ یہ ملاقات آئی جی موٹروے چوہدری سلطان کی ہدایت پر ہوئی، جس میں موٹروے پولیس کی جانب سے مبینہ ناجائز جرمانوں اور ایکسل لوڈ قوانین پر عمل درآمد سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ان کے مطابق اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایکسل لوڈ کے قانون پر تمام گاڑیوں کے لیے یکساں اور منصفانہ انداز میں سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہاکہ اوور لوڈنگ کی روک تھام کے لیے موٹروے پولیس اپنا کردار ادا کرے گی جبکہ 10 ویلر گاڑیوں کے لیے مناسب وزن کے تعین پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس کے علاوہ دسمبر میں ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران سیکریٹری کمیونیکیشن، چیئرمین این ایچ اے اور آئی جی موٹروے کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
مزید پڑھیں: پیٹرول ڈیزل سستا، ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا
ملک شہزاد اعوان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ 8 اگست کو آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی ملک گیر پرامن ہڑتال ہوگی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیاکہ ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات فوری طور پر منظور کیے جائیں۔














