پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زیمبیا میں جاری غیر منظور شدہ ایشین لیجنڈز لیگ میں این او سی کے بغیر شرکت کرنے والے سابق کرکٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ لیگ کو نہ تو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور نہ ہی زیمبیا کرکٹ یونین کی منظوری حاصل ہے، اس لیے ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زیمبیا میں جاری غیر منظور شدہ ایشین لیجنڈز لیگ میں سابق کرکٹرز کی شرکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی سی بی نے معلومات کی فراہمی کے احکامات اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیے
پی سی بی کے مطابق مذکورہ لیگ کو نہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی منظوری حاصل ہے اور نہ ہی زیمبیا کرکٹ یونین نے اسے باقاعدہ منظور کیا ہے۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ این او سی کے بغیر اس لیگ میں شرکت کرنے والے سابق کرکٹرز کے خلاف ضابطوں کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ ایسے کرکٹرز کو آئندہ 2 برس تک این او سی جاری نہیں کیا جائے گا، جبکہ انہیں اسی مدت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوچنگ، مینٹورنگ اور دیگر سرکاری ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے بھی نااہل قرار دیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے موجودہ اور سابق تمام کرکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک کسی بھی کرکٹ ایونٹ یا لیگ میں شرکت سے قبل لازمی طور پر بورڈ سے این او سی حاصل کریں، بصورت دیگر انہیں تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔













