پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ڈاکٹر نعمان نیاز نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی دوسری ٹیسٹ اننگز میں بیٹنگ کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعدادوشمار یقیناً فکر کا باعث ہیں اور قومی بیٹرز کو ان سے بہتر کارکردگی دکھا کر یہ تاثر ختم کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں:دوسرا ٹیسٹ: ساجد خان کی تباہ کن بولنگ، پاکستان کو ویسٹ انڈیز سے سیریز برابر کرنے کا شاندار موقع
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں ڈاکٹر نعمان نیاز نے دوسری اننگز میں نومبر 2023 کے بعد پاکستانی بیٹرز کی کارکردگی کے اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’یہ واقعی تشویش کی علامت ہے، ہمارے بیٹرز کو ان اعداد و شمار سے بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی‘۔
This is indeed a sign of worry. Out batters would have to override these stats. (Data courtesy @KamranMuzaffer via @iRashidLatif68 ) pic.twitter.com/xRwJwDnZvb
— Dr. Nauman Niaz (@DrNaumanNiaz) August 5, 2026
اعدادوشمار کے مطابق نومبر 2023 کے بعد دوسری اننگز میں موجودہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 14 اننگز میں 480 رنز بنا کر 36.92 کی اوسط حاصل کی، تاہم وہ ایک بھی سینچری اسکور نہیں کر سکے۔
سلمان آغا نے 16 اننگز میں 435 رنز اور شان مسعود نے 17 اننگز میں 459 رنز بنائے، جبکہ شان مسعود اس عرصے میں دوسری اننگز میں واحد سینچری بنانے والے پاکستانی بیٹر ہیں۔ تاہم ان کی اوسط بھی 26.68 رہی۔
مزید پڑھیں:پہلا ٹیسٹ: پاکستان ویسٹ انڈیز سے 90 رنز سے شکست کھا گیا، 211 کا ہدف حاصل نہ ہوسکا
اعدادوشمار کے مطابق محمد رضوان نے 15 اننگز میں 413، سعود شکیل نے 304، عبداللہ شفیق نے 102، امام الحق نے 36 اور اذان اویس نے 39 رنز اسکور کیے۔

ڈاکٹر نعمان نیاز کی یہ پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم دوسری اننگز کی بیٹنگ کے لیے پر تول رہی ہے اور میچ کے نتیجے میں دوسری اننگز کی کارکردگی فیصلہ کن اہمیت اختیار کر سکتی ہے۔













