دوسرا ٹیسٹ: ساجد خان کی تباہ کن بولنگ، پاکستان کو ویسٹ انڈیز سے  سیریز برابر کرنے کا شاندار موقع

بدھ 5 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پورٹ آف اسپین میں کھیلے جا رہے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی، جہاں ویسٹ انڈیز دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا کر مجموعی طور پر صرف 60 رنز کی برتری حاصل کر سکی۔

مزید پڑھیں:ٹرینیڈاڈ ٹیسٹ: شان مسعود اور امام الحق کی شاندار بیٹنگ، ویسٹ انڈیز کی برتری قریباً ختم

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 387 رنز پر ختم کی، جس میں عبداللہ شفیق نے شاندار ناقابل شکست 160 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان نے دن کا آغاز 266 رنز پر 2 وکٹوں سے کیا تھا، تاہم آخری 8 وکٹیں صرف 106 رنز کے اضافے پر گر گئیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے بائیں ہاتھ کے اسپنر جومیل واریکن نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 112 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے چائے کے وقفے سے قبل صرف 4 گیندوں کے دوران 3 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کی اننگز سمیٹ دی۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم، جو گزشتہ روز 86 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، صرف 2 رنز کا اضافہ کر سکے اور 88 رنز پر غلط فہمی کے باعث رن آؤٹ ہوگئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔

رن آؤٹ کرنے والے ویسٹ انڈیز کے اوپنر برینڈن کنگ اس دوران کمر میں تکلیف کے باعث میدان میں گر گئے اور ابتدائی طبی امداد کے بعد اسٹریچر پر باہر لے جائے گئے۔ بعد ازاں ان کی تکلیف کی وجہ کمر میں شدید کھچاؤ (بیک اسپازم) بتائی گئی، جس کے باعث ان کی دوسری اننگز میں بیٹنگ غیر یقینی ہوگئی ہے۔

عبداللہ شفیق نے 7 گھنٹے سے زائد طویل اننگز کے دوران 323 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 15 چوکے اور 3 چھکے لگائے، جبکہ ساجد خان نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 30 رنز بنائے اور دونوں کے درمیان 7ویں وکٹ کے لیے 59 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کا آغاز بھی مشکلات کا شکار رہا۔ ساجد خان نے شاندار اسپن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی عثمان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جن میں کپتان روسٹن چیز بھی شامل ہیں، جو دن کی آخری گیند پر کیچ اینڈ بولڈ ہوئے۔

مزید پڑھیں:ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آؤٹ، روسٹن چیس کی نصف سینچری، ساجد خان کی 4 وکٹیں

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جسٹن گریوز 23 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، جبکہ کاویم ہوج 34 رنز بنا کر نمایاں رہے، جو اب تک اس اننگز کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔

تیسرے روز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان پر مجموعی طور پر صرف 60 رنز کی برتری حاصل ہے، جس کے باعث پاکستان سیریز 1-1 سے برابر کرنے کی مضبوط پوزیشن میں آ گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp