آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ: پاکستان نے امریکا کو 0-3 سے پچھاڑ دیا، اگلا مقابلہ کینیڈا سے ہوگا

بدھ 5 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 پاکستان نے 45 سال سے زائد عمر کی آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں شاندار آغاز کرتے ہوئے طاقتور امریکی ٹیم کو 0-3 سے شکست دے دی ہے۔ 30 ممالک کے 300 سے زائد کھلاڑیوں پر مشتمل اس عالمی ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے سنگلز اور ڈبلز کے تمام مقابلوں میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔

پاکستانی ٹیم کی جانب سے  پہلے سنگلز میں پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور معروف ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی نے حریف کھلاڑی ووجٹیک بریٹیک کو آئوٹ کلاس کرتے ہوئے 2-6 اور 3-6 سے کامیابی حاصل کی۔

دوسرے سنگلز میں پاکستان کے نمبر ون ٹینس پلیئر عقیل خان اور جان چیسورتھ  کے درمیان اعصاب شکن مقابلہ ہوا، جس میں عقیل خان نے 2-6، 6-1 اور 4-6 سے فتح سمیٹ کر ٹیم کو برتری دلائی۔

ڈبلز مقابلے میں شہریار سلامت اور ہادی حسین کی جوڑی نے پہلا سیٹ گنوانے کے بعد شاندار کم بیک کیا۔ انہوں نے امریکی جوڑی جیون ویسٹ اور گیلرمو کوسن کو 6-1، 1-6 اور فیصلہ کن ٹائی بریک میں 6-10 سے شکست دے کر کلین سویپ مکمل کیا۔

امریکا کے خلاف اس یکطرفہ کامیابی نے پاکستان کو راؤنڈ رابن مرحلے میں زبردست مومینٹم فراہم کیا ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنے اگلے اہم مقابلے میں کینیڈا کا سامنا کرے گی، جس میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp