پورٹ آف اسپین میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لیے ہیں اور اب اسے پہلی اننگز میں صرف 78 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔
کھیل کے اختتام پر عبداللہ شفیق 107 اور کپتان بابر اعظم 86 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست 168 رنز کی شراکت قائم ہو چکی ہے، جس نے پاکستان کو میچ میں مضبوط پوزیشن دلائی۔
مزید پڑھیں:ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آؤٹ، روسٹن چیس کی نصف سینچری، ساجد خان کی 4 وکٹیں
اکتوبر 2025 کے بعد اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے 185 گیندوں پر 107 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
دوسری جانب بابراعظم نے 126 گیندوں پر 86 رنز بنائے، جن میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے، اور وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی پہلی ٹیسٹ سینچری کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا رہا، تاہم 34 کے مجموعے پر امام الحق 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد عبداللہ شفیق اور نوجوان اوپنر اذان اویس نے دوسری وکٹ کے لیے 64 رنز کی شراکت قائم کی۔
PURE CLASS FROM BABAR AZAM. ✨
– Even Jayden Seales was impressed. pic.twitter.com/A9X6c5HtGD
— Sheri. (@CallMeSheri1_) August 3, 2026
اذان اویس نے 71 گیندوں پر 55 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے شامل تھے، تاہم انہیں بائیں ہاتھ کے اسپنر جومیل واریکن نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔
اس کے بعد بابراعظم کریز پر آئے اور عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کر ویسٹ انڈیز کے باؤلرز پر مکمل گرفت حاصل کرلی۔ دونوں نے پہلے محتاط انداز اپنایا اور پھر آخری سیشن میں تیز رفتاری سے رنز بناتے ہوئے پاکستان کو مستحکم مقام تک پہنچا دیا۔
مزید پڑھیں:ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ، ویسٹ انڈیز کی ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز 344 رنز پر ختم کی۔ میزبان ٹیم نے دوسرے روز 239 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کھیل کا آغاز کیا اور مزید 105 رنز کا اضافہ کیا۔
جسٹن گریوز 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کپتان روسٹن چیز نے 70 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں نے اہم شراکت قائم کی، تاہم پاکستانی باؤلرز نے آخری سیشن میں نچلے درجے کے بلے بازوں کو جلد آؤٹ کرکے اننگز سمیٹ دی۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان سب سے کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے 32.4 اوورز میں 85 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد علی، علی عثمان اور عبید شاہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔













