مراکش کو 2030 ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی کی مبینہ پیشکش، فیفا صدر جیانی انفینٹینو پر تنقید

بدھ 5 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو ایک بار پھر تنازع کا شکار ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنی صدارت بچانے کے لیے سیاسی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے مراکش کو 2030 ورلڈ کپ کے فائنل کی میزبانی دینے کی مبینہ پیشکش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا صدر جیانی انفینٹینو کی مشکلات بڑھ گئیں، ورلڈ کپ نجی سرمایہ کاروں کو دینے کے منصوبے پر بغاوت کا سامنا

رپورٹس کے مطابق 56 سالہ انفینٹینو پر ورلڈ کپ میں سرمایہ کاری سے متعلق متنازع تجاویز کے بعد دباؤ بڑھ گیا ہے۔ وہ ان دنوں مراکش کے دارالحکومت رباط میں موجود ہیں، جہاں ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ مختلف فٹبال فیڈریشنز کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انفینٹینو نے رباط میں فیفا کے افریقی علاقائی دفتر میں اعلیٰ حکام کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا، جبکہ ان سے مستعفی ہونے کے مطالبات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

مراکش 2016 میں انفینٹینو کے فیفا صدر منتخب ہونے کے بعد سے ان کے بڑے حامیوں میں شمار ہوتا ہے اور 2030 کے ورلڈ کپ کی میزبانی اسپین اور پرتگال کے ساتھ مشترکہ طور پر کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا صدر نے ورلڈ کپ 2030 میں 64 ٹیموں کی شمولیت کا عندیہ دے دیا

برطانوی اخبار دی ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق انفینٹینو نے مبینہ طور پر مراکشی حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ورلڈ کپ 2030 کا فائنل میچ میڈرڈ کے سینتیاگو برنابیو اسٹیڈیم کے بجائے مراکش میں کھیلا جائے گا۔

تاہم رپورٹ کے مطابق فیفا میں قیادت کی تبدیلی کی صورت میں فائنل کے مقام سے متعلق فیصلے پر دوبارہ غور کیا جا سکتا ہے۔ انفینٹینو یا فیفا کی جانب سے ان دعوؤں پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp