فٹبال سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کی متوقع شادی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً ایک دہائی سے ساتھ رہنے والا یہ معروف جوڑا رواں ہفتے کے آخر میں پرتگال کے جزیرے مادیرا میں نجی تقریب کے ذریعے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو سکتا ہے تاہم دونوں کی جانب سے تاحال ان اطلاعات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب 8 اگست کو رونالڈو کے آبائی شہر فنچل کے تاریخی کیتھیڈرل میں منعقد ہونے کا امکان ہے جبکہ اس کے بعد استقبالیہ تقریب لگژری ساووئے پیلس ہوٹل میں ہوگی جہاں مبینہ طور پر مہمانوں کے لیے کئی منزلیں مختص کی گئی ہیں۔ تاہم نہ چرچ انتظامیہ اور نہ ہی ہوٹل نے ان دعوؤں کی تصدیق کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو دودھ کیوں نہیں پیتے؟ ذاتی شیف نے فٹنس کا راز بتا دیا
مادیرا رونالڈو کی جائے پیدائش ہے اسی لیے یہ مقام ان کے لیے خصوصی جذباتی اہمیت رکھتا ہے۔ یہی جزیرہ ان کے میوزیم اور ان کے نام سے منسوب ہوائی اڈے کی وجہ سے بھی دنیا بھر میں مشہور ہے۔
مہمانوں کی سرکاری فہرست جاری نہیں کی گئی تاہم سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ریو فرڈینینڈ، ایرلنگ ہالینڈ، لامین یامال، ون ڈیزل، پیئرز مورگن، ریحانہ، کیلیان ایمباپے، جینیفر لوپیز، خبیب نورماگومیڈوف، آئی شو اسپیڈ، ڈریک اور ٹریوس اسکاٹ سمیت کئی عالمی شخصیات کی شرکت متوقع بتائی جا رہی ہے۔ البتہ ان ناموں کی بھی کسی مستند ذریعے سے تصدیق نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے ایک انسٹاگرام پوسٹ لائیک کرنے پر تنازع کھڑا ہوگیا
سوشل میڈیا پر لیونل میسی کو مبینہ مہمانوں کی فہرست میں شامل نہ کیے جانے پر بھی بحث جاری ہے تاہم اس حوالے سے بھی کسی فریق نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
شادی کی ضیافت سے متعلق پرتگالی میڈیا کا کہنا ہے کہ مہمانوں کو مادیرا کے روایتی کھانوں کے ساتھ عالمی معیار کے شیفز کی تیار کردہ خصوصی ڈشز پیش کی جا سکتی ہیں جن میں مقامی سمندری غذا نمایاں ہوگی۔ تاہم مینو سے متعلق بھی کوئی سرکاری تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
واضح رہے کہ رونالڈو اور جارجینا گزشتہ کئی برسوں سے ساتھ ہیں اور ان کے پانچ بچے ہیں جبکہ ان کی شادی کی افواہیں ماضی میں بھی متعدد بار سامنے آ چکی ہیں۔














