بغلان میں طالبان کی چوکی پر مخالف جنگجوؤں کا حملہ اور قبضہ

جمعہ 7 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں طالبان مخالف جنگجوؤں نے طالبان کی ایک چوکی پر حملہ کر کے اس پر قبضہ کرنے اور اسلحہ و دیگر سامان اپنے قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم طالبان نے اس حوالے سے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا۔

افغانستان انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کی شب ضلع اندراب کی تحصیل دہ صلاح میں طالبان کی ایک چوکی پر راکٹ حملہ کیا گیا، جس کے بعد دونوں جانب فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ حملہ رات تقریباً 10 بج کر 20 منٹ پر کیا گیا، جبکہ علاقے میں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد طالبان کی چوکی پر قبضہ کر لیا گیا اور وہاں موجود اسلحہ و دیگر سامان بھی حاصل کر لیا گیا۔ تاہم کسی بھی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، جبکہ طالبان نے بھی حملے یا چوکی پر قبضے کی اطلاعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق واقعے کے اگلے روز طالبان فورسز نے ضلع دہ صلاح کے متعدد دیہات میں گھروں کی تلاشی لی اور علاقے میں سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل 27 جولائی کو بھی اندراب کے وادی قاسان کے گاؤں کاسہ تراش میں طالبان کی ایک چوکی راکٹ حملے کا نشانہ بنی تھی، جس کے بعد طالبان نے مقامی آبادی کے گھروں کی تلاشی لی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:افغانستان میں طالبان مخالف گروپس کی کارروائیاں تیز، چوکی پر حملہ کرکے اسلحہ پر قبضے کا دعویٰ

حالیہ دنوں میں افغانستان میں طالبان مخالف مسلح گروہوں کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ افغانستان فریڈم فرنٹ، نیشنل ریزسٹنس فرنٹ، یونائیٹڈ فرنٹ آف افغانستان اور سپاہِ میہن فرنٹ سمیت مختلف گروہوں نے ملک کے متعدد صوبوں میں طالبان کی تنصیبات اور چوکیوں پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp