سورج کی اب تک کی سب سے واضح تصاویر، خطرناک شمسی طوفانوں کے راز سے پردہ اٹھنے لگا

جمعہ 7 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سائنس دانوں نے سورج کی سطح کی اب تک کی سب سے واضح تصاویر اور ویڈیوز حاصل کر لی ہیں، جن میں پہلی بار ایسے باریک گرداب دیکھے گئے ہیں جو سورج پر آنے والے خطرناک طوفانوں کی وجہ جاننے میں مدد دے سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:ماہ رواں کا مکمل سورج گرہن: سائنسدانوں کے لیے پراسرار راز جاننے کا سنہری موقع

یہ تصاویر ہوائی میں نصب دنیا کی سب سے طاقتور شمسی دوربین سے لی گئی ہیں۔ اس تحقیق میں سورج کے نسبتاً ٹھنڈے حصے کے کنارے پر چھوٹے چھوٹے بھنور نما گرداب دیکھے گئے، جو پہلے کبھی اتنی وضاحت سے نظر نہیں آئے تھے۔

ماہرین کے مطابق یہ گرداب اس وقت بنتے ہیں جب سورج کی سطح پر موجود انتہائی گرم گیس کی مختلف تہیں مختلف رفتار سے حرکت کرتی ہیں۔

تحقیق کرنے والے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہی گرداب سورج کے مقناطیسی میدان کو الجھانے اور اس میں توانائی جمع ہونے کا سبب بن سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں سورج پر طاقتور دھماکے اور شمسی طوفان پیدا ہوتے ہیں۔

ایسے شمسی طوفان اگر زمین کی سمت آئیں تو سیٹلائٹس، موبائل اور ریڈیو رابطے، جی پی ایس، انٹرنیٹ کے بعض نظام اور بجلی کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نئی تحقیق سے نہ صرف شمسی طوفانوں کی بہتر پیش گوئی ممکن ہو سکے گی بلکہ سورج کے بیرونی حصے کے انتہائی زیادہ درجہ حرارت کا معمہ حل کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:اگلے ماہ سورج گرہن، 2 سال بعد آسمان پر نایاب نظارہ

سائنس دانوں کے مطابق یہ تحقیق ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، لیکن اس سے سورج کی ساخت اور اس کے رویے کو سمجھنے میں ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp