وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان میں بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیتسا نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، افرادی قوت کے تعاون اور پاکستان۔بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن (جوائنٹ منسٹریل کمیشن) کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے دوطرفہ روابط میں تیزی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور بیلاروس کے صدر کے درمیان خوشگوار اور قریبی تعلقات نے دونوں ممالک کے باہمی روابط کو نئی تقویت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان باقاعدہ رابطوں اور باہمی اعتماد نے مختلف شعبوں میں عملی تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:خطے میں بڑی معاشی طاقتیں موجود ہونے کے باوجود پاکستان پر اعتبار کیا جارہا ہے، جام کمال
ملاقات میں دوطرفہ تجارتی لین دین کو آسان بنانے اور کاروباری برادری کے لیے مؤثر مالیاتی نظام وضع کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں جانب اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ متعلقہ مالیاتی ادارے اور تکنیکی ماہرین مقامی کرنسی میں ادائیگیوں سمیت دیگر متبادل مالیاتی طریقہ کار پر مشاورت جاری رکھیں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مزید سہولت مل سکے۔
جام کمال خان نے کہا کہ مؤثر مالیاتی نظام دونوں ممالک کے تاجروں کو تجارتی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان زراعت، کھاد، انجینیئرنگ مصنوعات، ٹریکٹرز، بھاری مشینری، توانائی اور غذائی اجناس کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ملاقات میں افرادی قوت کے شعبے میں تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بیلاروس کے سفیر نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ بیلاروس میں کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ ہنر مند افرادی قوت کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔

دونوں ممالک نے شفاف بھرتی، مہارت کے مطابق روزگار کی فراہمی اور متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا تاکہ پاکستانی ہنر مند افراد کے لیے مزید روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
وفاقی وزیر تجارت نے بیلاروس کی انجینیئرنگ اور صنعتی صلاحیتوں، خصوصاً ٹریکٹر، ٹرک اور زرعی مشینری کی تیاری کے شعبے کو سراہتے ہوئے ان شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی بحالی کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں بیلاروس کے وزیر کے آئندہ دورۂ پاکستان اور پاکستان۔بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ ملاقاتوں سے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور باہمی دلچسپی کے نئے شعبوں کی نشاندہی کا موقع ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان سنٹرل ایشیا کا گیٹ وے ہے، ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدوں سے اخراجات میں کمی ہو گی: جام کمال خان
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بیلاروس کی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان مضبوط تعلقات مستقبل میں پاکستان اور بیلاروس کے اقتصادی تعاون اور مشترکہ خوشحالی کو مزید فروغ دیں گے۔













