خطے میں بڑی معاشی طاقتیں موجود ہونے کے باوجود پاکستان پر اعتبار کیا جارہا ہے، جام کمال

پیر 6 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ خطے میں بڑی معاشی طاقتیں موجود ہونے کے باوجود اس وقت پاکستان پر اعتبار کیا جارہا ہے۔ پاکستان کے مختلف ممالک کے ساتھ بڑھتے ہوئے سفارتی روابط اس بات کا ثبوت ہیں کہ عالمی برادری پاکستان پر اعتماد کر رہی ہے اور ملک کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت اور صنعت پر خطے میں ہونے والی جغرافیائی و سیاسی تبدیلیوں کے اثرات مرتب ہوتے ہیں، تاہم حکومت معاشی استحکام اور تسلسل کے لیے مختلف سطحوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان سمیت دنیا کی بیشتر معیشتیں اس وقت چیلنجز سے دوچار ہیں، خصوصاً مشرق وسطیٰ، یورپ اور مشرقی ایشیا کی معیشتیں بھی دباؤ کا شکار ہیں۔

ان کے مطابق حکومت کی جانب سے گزشتہ ڈیڑھ سے دو ماہ میں معاشی نظم و نسق بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔

جام کمال نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر عام شہری پر پڑتا ہے، تاہم پاکستان چونکہ تیل خود پیدا نہیں کرتا اس لیے عالمی قیمتوں کا بوجھ برداشت کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کے پاس دو راستے ہوتے ہیں، یا تو سبسڈی کا بوجھ خود اٹھائے یا مالی توازن کو برقرار رکھے، اور اسی بنیاد پر فیصلے کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت مختلف شعبوں میں روزانہ کی بنیاد پر اجلاس ہو رہے ہیں جن میں بندرگاہوں، ہوا بازی، تجارت اور برآمدات سمیت تمام اہم شعبوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں میں سہولت دی جا سکے۔

وفاقی وزیر کے مطابق حکومت نے ٹرانس شپمنٹ پالیسی، ٹول ٹیکس میں کمی اور پیٹرولیم لیوی میں ممکنہ ریلیف سمیت مختلف اقدامات کیے ہیں تاکہ کاروباری طبقے کو سہولت مل سکے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت کا ایک بڑا حصہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر پر منحصر ہے، جن میں سے 70 فیصد سے زیادہ آمدن خلیجی ممالک سے آتی ہے۔ ان کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور دیگر خلیجی ممالک پاکستان کے لیے معاشی لحاظ سے انتہائی اہم ہیں۔

جام کمال نے کہاکہ پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان تعلقات نہ صرف روزگار بلکہ سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی مضبوط ہو رہے ہیں، اور حالیہ عرصے میں اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں سے تعاون میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے خطے میں تنازعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ہونے والے بعض واقعات اور جنگیں ایسی ہوتی ہیں جن پر براہِ راست کسی ملک کا کنٹرول نہیں ہوتا، لیکن ان کے اثرات تمام معیشتوں پر پڑتے ہیں، جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کی سفارتی پالیسی گزشتہ دو برسوں میں نمایاں طور پر بہتر ہوئی ہے اور ملک نے عالمی سطح پر ایک متوازن اور غیر جانبدارانہ مؤقف کے ذریعے اپنا مقام مضبوط کیا ہے۔

جام کمال کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ معاشی بہتری کے ثمرات عوام تک منتقل ہوں اور پاکستان کو ایک مستحکم اور مضبوط معیشت کی جانب لے جایا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ، حکومت نے نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

آزاد کشمیر میں ووٹ پر کھلم کھلا ڈاکا ڈالا گیا، دھاندلی کے ثبوتوں کا جواب دیا جائے: بلاول بھٹو زرداری

کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارکنوں کا زخمی ہونے کا جعلی ڈرامہ، پولیس کے قریب آتے ہی اٹھ کھڑے ہوئے

میرپور ڈویژن میں کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری عوام مسلم لیگ ن پر اعتماد کرتی ہے، نواز شریف

گندھارا تہذیب کے اسمگل شدہ 513 نوادرات پاکستان کو واپس مل گئے

ویڈیو

مجھے نیتن یاہو کی فراہم کردہ معلومات کی ضرورت نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کو آڑے ہاتھوں لے لیا

آزاد کشمیر: انتخابی عمل سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام، مسلم لیگ ن نے پہلے مرحلے میں میدان مار لیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران سے اچھی بات چیت کا اعتراف، پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششیں تیز

کالم / تجزیہ

28 جولائی 2010: وہ دن جب میرے قدموں تلے زمین نکل گئی

جاوید ہاشمی جواب دیں

فخر درانی۔ ایک دلیر صحافی