جدید اسمارٹ ٹوائلٹ سیٹ صرف 30 سیکنڈ میں دل کی دھڑکن چیک کرے گا

اتوار 9 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جرمنی کی ایک میڈیکل ٹیکنالوجی کمپنی نے ایسا اسمارٹ ٹوائلٹ سیٹ تیار کیا ہے جو عام واش روم کے استعمال کے دوران صرف 30 سیکنڈ میں دل کی دھڑکن کا معائنہ کرکے بے ترتیب دھڑکن، خصوصاً ایٹریل فبریلیشن (AFib) کی ممکنہ نشاندہی کرسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ’ہارو ای کے جی سیٹ‘ بظاہر عام ٹوائلٹ سیٹ جیسا ہے، تاہم اس میں ایسے سینسر نصب کیے گئے ہیں جو بیٹھنے کے دوران جسم سے برقی سگنلز حاصل کرتے ہیں۔ یہ سینسر 6 لیڈز پر مشتمل ای کے جی ریکارڈ کرتے ہیں اور نتائج بلوٹوتھ کے ذریعے موبائل فون کی ایپ کو بھیجتے ہیں۔ صارف کو جسم پر کوئی الیکٹروڈ لگانے یا الگ سے کوئی ڈیوائس پہننے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

کمپنی کے مطابق تقریباً 30 سیکنڈ کی ریکارڈنگ کے بعد موبائل ایپ دل کی دھڑکن کا تجزیہ کرتی ہے اور ممکنہ بے قاعدگی کی نشاندہی کرتی ہے۔ ابتدائی تحقیق میں اسمارٹ سیٹ کے ای کے جی نتائج کا روایتی 12 لیڈ ای کے جی سے موازنہ کیا گیا، جس میں دونوں نظاموں کے نتائج میں خاصی مطابقت سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ایٹریل فبریلیشن دل کی بے ترتیب دھڑکن کی ایک عام قسم ہے۔ بعض افراد میں اس کی کوئی واضح علامت ظاہر نہیں ہوتی، تاہم یہ فالج کے خطرے میں اضافہ کرسکتی ہے۔ اسی لیے روزمرہ معمول کے دوران بار بار دل کی دھڑکن ریکارڈ کرنا ایسی کیفیت کی بروقت نشاندہی میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آنکھوں کا ویسکولر سسٹم دل کی بیماریوں کے خطرات ظاہر کرسکتا ہے، تحقیق

تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ اس ڈیوائس کے نتائج کو حتمی طبی تشخیص نہیں سمجھا جاسکتا۔ اس کی تحقیق کے مکمل نتائج ابھی آزادانہ طور پر کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے، اس لیے مزید تحقیق ضروری ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈیوائس فی الحال عام خریداری کے لیے دستیاب نظر نہیں آتی۔ کمپنی نے اس کی سابقہ قیمت تقریباً 2 ہزار 870 ڈالر بتائی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp