دورہ انگلینڈ میں بابر اعظم کو میڈیا سے دور رکھا جائے، راشد لطیف کا پی سی بی کو مشورہ

اتوار 9 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے انگلینڈ کے دورے کے دوران قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو انگلش میڈیا سے دور رکھنے کا مشورہ دے دیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہاکہ انگلینڈ کے دورے کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کو ایسی حکمت عملی اپنانی چاہیے جس کے تحت بابر اعظم کا انگلش میڈیا سے کم سے کم سامنا ہو۔

راشد لطیف کے مطابق انگلینڈ کا دورہ ہمیشہ مشکل ہوتا ہے اور وہاں کا میڈیا بعض اوقات مہمان ٹیم کو غیر ضروری خبروں اور معاملات میں الجھانے کی کوشش کرتا ہے، اس لیے بابر اعظم کے معاملے میں خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔

شان مسعود کو میڈیا کے سامنے لانے کا مشورہ

سابق وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ایک تجربہ کار کرکٹر ہیں، تاہم موجودہ دورے میں ان کے لیے بہتر ہوگا کہ پی سی بی انہیں انگلش میڈیا سے دور رکھے۔

انہوں نے تجویز دی کہ سابق کپتان شان مسعود کو انگلش میڈیا کے سامنے زیادہ بھیجا جائے کیونکہ وہ انگلینڈ میں کھیل چکے ہیں اور وہاں کے میڈیا سے گفتگو کا بہتر تجربہ رکھتے ہیں۔

راشد لطیف نے کہاکہ شان مسعود کے علاوہ امام الحق اور محمد عباس بھی میڈیا کے لیے اچھے انتخاب ہوسکتے ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ پہنچ چکی ہے۔

بابر اعظم کی قیادت میں قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 19 اگست سے ہیڈنگلے، لیڈز میں کھیلے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp