نجکاری کمیشن نے لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے لیے مالیاتی مشیر کی تقرری کی منظوری دے دی۔
نجکاری کمیشن کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کی نجی شعبے کو منتقلی کے لیے مالیاتی مشیر کی حیثیت سے ای وائی پارٹینن کی سربراہی میں قائم اتحاد کو سب سے زیادہ موزوں فریق قرار دیتے ہوئے منظوری دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ نہ ہو سکی، ذمہ داری وزارت نجکاری کو سونپ دی گئی، خواجہ آصف
کمیشن نے کامیاب اتحاد کے ساتھ مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکراتی کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔
دوسری جانب نجکاری کمیشن نے گزشتہ ماہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی نجی شعبے کو منتقلی کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کو مالیاتی اور لین دین کے مشیر کے طور پر مقرر کیا تھا۔
نجکاری کمیشن کے مطابق بورڈ نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی اور ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری کے معاملات بھی زیر غور لائے۔ دونوں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے متعلقہ قواعد کے تحت مالیاتی مشیروں کی تقرری ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے نجکاری کمیشن اور ایشیائی ترقیاتی بینک میں معاہدہ
کمیشن کے مطابق منظوری کے بعد دونوں کمپنیوں کے لیے مالیاتی مشیروں کی تقرری کا عمل شروع کیا جائے گا۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی اور ملتان الیکٹرک پاور کمپنی حکومت کی جانب سے نجکاری کے لیے منتخب کی گئی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے چوتھے مرحلے میں شامل ہیں، جبکہ پہلے 3 مراحل میں شامل کمپنیوں کی نجکاری کا عمل مختلف مراحل میں جاری ہے۔
پہلے مرحلے میں شامل فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی میں حال ہی میں مقامی اور غیر ملکی 12 سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کی ہے، جن کی جانب سے جمع کرائی گئی باضابطہ اظہارِ دلچسپی کی درخواستوں کا نجکاری کمیشن جائزہ لے رہا ہے۔














